آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے فیفا کے صدر جانی انفینٹینو کی حمایت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردی جس سے ان کی چوتھی مدت کے لیے دوبارہ صدر منتخب ہونے کی کوشش کو ایک اور دھچکا پہنچا ہے۔
آئرش فٹبال ایسوسی ایشن نے فیفا کو ارسال کیے گئے خط میں اپنی سابقہ حمایت واپس لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ پیش رفت کے بعد ادارے کی گورننس، شفافیت اور مشاورت کے حوالے سے سنجیدہ خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
دوسری جانب شمالی آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے بھی یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا کے مؤقف کی حمایت کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یوئیفا، کونکاکاف اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن پہلے ہی انفینٹینو کے طرزِ عمل پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں اور ان پر اعتماد کو نقصان پہنچانے کے الزامات سامنے آچکے ہیں۔
جانی انفینٹینو کی حمایت سے دستبردار ہونے والی ہوم نیشنز میں آئرلینڈ سے قبل ویلز بھی شامل ہے، جبکہ انگلش فٹبال ایسوسی ایشن بھی فیفا صدر کی حمایت سے پیچھے ہٹ چکی ہے۔
فٹبال ایسوسی ایشنز کی جانب سے حمایت واپس لیے جانے کے حالیہ سلسلے کو انفینٹینو کی فیفا کی صدارت کے لیے چوتھی مدت کی کوشش کے لیے اہم سیاسی نقصان قرار دیا جارہا ہے