اسلام آباد پولیس میں افسر بننے کا موقع،بڑی نوکریاں آ گئیں

اسلام آباد پولیس میں افسر بننے کا موقع،بڑی نوکریاں آ گئیں

وفاقی حکومت نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس میں انسپکٹرز کی براہِ راست بھرتی کا اعلان کردیا ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے انسپکٹر (BS-16) کی 23 مستقل آسامیوں پر بھرتی کے لیے شیڈول جاری کردیا جس کے بعد اسلام آباد پولیس میں افسر بننے کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے اہم موقع سامنے آگیا ہے۔

وزارت داخلہ و انسداد منشیات کے تحت اسلام آباد پولیس میں ان 23 آسامیوں کے لیے امیدوار 31 اگست 2026 تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ بھرتی کا عمل فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جبکہ کامیاب امیدواروں کی تعیناتی اسلام آباد میں ہوگی۔

امیدوار کے لیے ضروری ہے کہ اس کے پاس ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تسلیم شدہ یونیورسٹی سے سیکنڈ کلاس یا گریڈ سی ماسٹرز بی ایس یا بیچلرز ڈگری ہو۔ مختلف تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار مقررہ دیگر شرائط پوری ہونے کی صورت میں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین ہوشیار، پنشن کا نظام بدل گیا ،تفصیلات سامنے آگئیں

عمر کی حد کتنی ہے؟

انسپکٹر کی آسامی کے لیے امیدوار کی عمر 20 سے 28 سال مقرر کی گئی ہے۔ قواعد کے مطابق بالائی عمر میں 5 سال کی عمومی رعایت بھی دستیاب ہوگی۔

مرد و خواتین کے لیے قد کا معیار

بھرتی کے لیے جسمانی معیار بھی مقرر کیا گیا ہے۔ مرد امیدوار کا قد کم از کم 5 فٹ 7 انچ جبکہ خواتین امیدوار کا قد کم از کم 5 فٹ 2 انچ ہونا ضروری ہے۔

مرد امیدواروں کے لیے سینے کی پیمائش 33 سے 34.5 انچ مقرر کی گئی ہے۔ بصارت کے حوالے سے امیدوار کی نظر 6/6 جبکہ قریب کی نظر J-1 سے کم نہیں ہونی چاہیے۔

فزیکل ٹیسٹ میں دوڑ بھی لازمی

انسپکٹر کی بھرتی کے لیے امیدواروں کو جسمانی ٹیسٹ بھی پاس کرنا ہوگا۔ مرد امیدواروں کو 1.6 کلومیٹر دوڑ 7 منٹ میں مکمل کرنا ہوگی، جبکہ خواتین امیدواروں کو یہی فاصلہ 10 منٹ میں طے کرنا ہوگا۔

جسمانی پیمائش اور فزیکل ٹیسٹ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے امیدواروں کو ایف پی ایس سی کے طریقہ کار کے تحت ریفر کیے جانے کے بعد لیا جائے گا۔

23 نشستیں کس صوبے کے لیے کتنی؟

23 آسامیوں کو میرٹ اور علاقائی کوٹے کے تحت تقسیم کیا گیا ہے:

  • اوپن میرٹ: 1 نشست

  • اسلام آباد: 5 نشستیں

  • پنجاب: 9 نشستیں

  • سندھ رورل: 2 نشستیں

  • سندھ اربن: 1 نشست

  • خیبر پختونخوا: 2 نشستیں

  • بلوچستان: 1 نشست

  • سابق فاٹا: 1 نشست

  • آزاد کشمیر: 1 نشست

اس طرح پنجاب کے امیدواروں کے لیے سب سے زیادہ 9 نشستیں مختص ہیں، جبکہ اسلام آباد کے ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں کے لیے 5 نشستیں رکھی گئی ہیں۔

کامیاب امیدوار کہاں تعینات ہوں گے؟

بھرتی ہونے والے تمام انسپکٹرز کی تعیناتی اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس میں کی جائے گی۔ یہ BS-16 کی مستقل سرکاری ملازمت ہے، جس کے لیے انتخاب ایف پی ایس سی کے مقررہ طریقہ کار کے تحت ہوگا۔

نوجوان امیدواروں کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کو درخواست دینے سے قبل اپنی تعلیمی قابلیت، عمر، ڈومیسائل اور جسمانی معیار سمیت تمام شرائط کا جائزہ لینا ہوگا تاکہ بعد میں کسی مرحلے پر نااہلی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسلام آباد پولیس میں انسپکٹر بننے کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے 23 مستقل آسامیوں کا یہ موقع براہِ راست بھرتی کے ذریعے پولیس سروس میں آنے کا اہم راستہ فراہم کرتا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles