صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم نے الگ الگ پیغامات میں تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ان قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جن کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں اور ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن کے حصول کی جدوجہد میں اپنے گھر، تحفظ اور روزگار کی قربانی دی۔
صدرمملکت نے کہا کہ آزادی صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے جسے ہر نسل کو آگے لیکر چلنا ہے۔
وزیراعظم کا پیغام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے قومی ترقی اور خوشحالی کا سفر روشن مستقبل کی جانب تیزی سے جاری ہے، اگرچہ اس راستے میں کئی مشکلات بھی پیش آئیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران حکومت پاکستان نے انتہائی مشکل حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور معاشی استحکام کا مقصد حاصل کیا، پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ہر مشکل وقت اور دشمن کے حملوں کے جواب میں ثابت کیا ہے کہ مادر وطن کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا پیغام
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بھی پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام اور بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کو دلی مبارکباد دی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں و کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جرات، لگن اور بے شمار قربانیوں نے آزاد ریاست پاکستان کی بنیاد رکھی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آزادی کے بعد پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے، آج ہم 25 کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ایک باہمت اور ثابت قدم قوم ہیں، گزشتہ 8 دہائیوں کے دوران پاکستان نے عالمی سطح پر بھی اپنی حیثیت کو مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تاریخی مکہ معاہدے پر دستخط کیے گئے، جو تزویراتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے، مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے اور علاقائی امن و سلامتی کو درپیش بدلتے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ بھی منائی اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے پُرعزم اور کامیاب ردعمل کو یاد کیا، اس موقع پر پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی بھی تجدید کی گئی۔
نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یوم آزادی ہمیں اپنے قومی عزم کی تجدید اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔