مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے اور وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ سال 7 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیورز کو 5،5 لیٹر مفت پٹرول فراہم کرچکے ہیں گزشتہ روز بھی اس سہولت سے ہزاروں افراد نے استفادہ کیا مزید شہریوں کو بھی یہ سہولت دی جائے گی اور مفت پٹرول کی تقسیم کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔
قیصر احمد شیخ کے مطابق اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے دور میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانیت اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے۔ اسی مقصد کے تحت مفت پٹرول حاصل کرنے کے لیے شہریوں سے کہا گیا کہ وہ اپنی موٹر سائیکل یا رکشے پر پاکستان کا قومی پرچم لگا کر آئیں۔
چنیوٹ میں قیصر احمد شیخ کے سیاسی ڈیرے پر گزشتہ روز شہریوں کا تانتا بندھا رہا۔ سینکڑوں موٹر سائیکل سوار اور رکشہ ڈرائیور 5 لیٹر مفت پٹرول کے حصول کے لیے ڈیرے پر پہنچتے رہے جہاں انہیں پٹرول کے واؤچرز فراہم کیے گئے۔
شہریوں کی بڑی تعداد کے باعث ڈیرے پر دن بھر گہماگہمی رہی اور موٹر سائیکل سوار اپنی باری کے انتظار میں موجود رہے۔ متعدد شہری اپنی موٹر سائیکلوں کو سبز ہلالی پرچم سے سجا کر وہاں پہنچے۔
مفت پٹرول کے لیے قومی پرچم لگانے کی شرط کے باعث چنیوٹ میں موٹر سائیکلوں پر لگائی جانے والی قومی پرچم کی جھنڈیوں کی طلب بھی بڑھ گئی۔ دکانداروں کے مطابق شہری بڑی تعداد میں موٹر سائیکلوں کو سجانے کے لیے سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں خرید رہے ہیں، جس سے یوم آزادی کے موقع پر ان اشیا کی فروخت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
قیصر احمد شیخ کا کہنا ہے کہ مفت پٹرول کی رقم سرکاری خزانے یا ان کی سرکاری تنخواہ سے نہیں بلکہ وہ یہ اخراجات اپنی جیب سے کررہے ہیں۔ ان کے مطابق پٹرول کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے باعث موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے والے عام شہریوں کو ریلیف دینا اس اقدام کا بنیادی مقصد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال تقریباً 7 ہزار موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو 5 لیٹر مفت پٹرول فراہم کیا گیا تھا اور اس مرتبہ بھی مزید شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مفت پٹرول کی تقسیم آج بھی جاری رہے گی۔
قیصر احمد شیخ نے شہریوں پر زور دیا کہ سیاسی اور ذاتی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے مل کر کام کیا جائے۔ ان کے مطابق قومی دن کے موقع پر عوام میں پاکستان سے محبت، اتحاد اور ایک دوسرے کی مدد کا جذبہ مزید مضبوط ہونا چاہیے۔
یوں چنیوٹ میں مفت پٹرول کی یہ مہم جہاں عام شہریوں کے لیے ایک مالی ریلیف کا ذریعہ بنی، وہیں قومی پرچم کے ساتھ موٹر سائیکل سواروں کی بڑی تعداد میں آمد نے شہر میں یوم آزادی کی سرگرمیوں کو بھی نمایاں کردیا۔