چین میں کپڑے اور روئی سے فن پارے بنانے کا قدیم فن آج بھی زندہ

چین میں کپڑے اور روئی سے فن پارے بنانے کا قدیم فن آج بھی زندہ

چین کے شہر دونگ ینگ میں لیائوحا کمیونٹی مرکز کپڑے سے فن پارے اور سجاوٹ کا سامان بنانے کے قدیم ثقافتی فن کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔

دونگ ینگ شہر میں واقع اقتصادی اور تکنیکی ترقیاتی زون میں قائم اس ثقافتی تربیتی مرکز میں کپڑے اور روئی کی مدد سے آرٹ کے بہترین فن پارے تخلیق کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کپڑوں کی دیدہ زیب کشیدہ کاری جبکہ گندم کے خوشوں سے سجاوٹ کا سامان بھی تیار کیا جاتا ہے۔

چوتھی نسل

چین میں کپڑے اور روئی سے فن پارے بنانے کے ماہر سمجھے جانے والے ماسٹر لیو فے زونگ گزشتہ چالیس سال سے اپنے خاندان کے اس فن کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، لیو فے زونگ اپنے خاندان کی چوتھی نسل ہیں جو کپڑے اور روئی سے فن پارے اور سجاوٹ کا سامان تخلیق کرتے ہیں۔

نوجوانوں کو تربیت

لیو فے زونگ کہتے ہیں کہ وہ نوجوانوں کو بھی یہ فن سکھا رہے ہیں تاکہ اس کام کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آ سکیں، کپڑے اور روئی سے فن پاروں کی تخلیق میں زیادہ تر جانوروں اور پرندوں کی اشکال والے نمونے تیار کیے جاتے ہیں۔

3 ہزار نمونے

ماسٹر لیو فے زونگ کی اس کام میں مہارت کی وجہ سے اب اس فن کو لیو کلاتھ پپٹ کا نام دیا جاتا ہے، اپنے کام کی وجہ سے ماسٹر لیو فے زونگ چین میں کئی ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ وہ اب تک کپڑے اور روئی کے اس فن سے تین ہزار مختلف نمونے تخلیق کر چکے ہیں۔

بیرون ملک برآمد

ماسٹر لیو فے زونگ کے مرکز کے تیار کردہ فن پارے چین میں فروخت کے ساتھ ساتھ جاپان، جنوبی کوریا، امریکہ اور یورپی ممالک کو برآمد بھی کیے جاتے ہیں۔

editor

Related Articles