راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں مشہور ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں ان کی 15 سالہ چھوٹی بہن اسمیہ بھی زخمی ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ شمسو بی بی کو گردن میں گولی لگی، وہ گزشتہ چار سال سے ٹک ٹاک پر سرگرم تھیں اور ان کے اکاؤنٹ پر 13 لاکھ سے زائد فالوورز موجود تھے۔
موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ
پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شمسو بی بی کو کاشف کاشی نے ٹیلی فون کرکے بلایا، جس کے بعد وہ اپنی بہن اور بھائی کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے روانہ ہوئیں۔
ایف آئی آر کے مطابق نجی پیٹرول پمپ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں شمسو بی بی کو گولیاں لگیں۔
گاڑی ڈمپر سے ٹکرا گئی
فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں مقتولہ کی 15 سالہ بہن اسمیہ بھی زخمی ہوگئی، زخمی لڑکی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
رقم کے لین دین کا تنازع
مقتولہ کے والد نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ شمسو بی بی کا کوثر اور جاوید عرف شاہین کے ساتھ رقم کے لین دین کا تنازع چل رہا تھا۔ والد کے مطابق ان کی بیٹی گزشتہ کئی برس سے ٹک ٹاک پر کام کررہی تھی۔
پہلے بھی دھمکیاں ملتی رہیں
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شمسو بی بی نے متعدد مرتبہ ملزمان کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بارے میں اہلخانہ کو آگاہ کیا تھا، مقتولہ کے والد نے شبہ ظاہر کیا کہ ملزمان نے رقم ہڑپ کرنے کی غرض سے خود یا نامعلوم ساتھیوں کے ذریعے ان کی بیٹی کو قتل کروایا۔
پولیس کی تحقیقات جاری
ٹیکسلا پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور قتل کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔