آپریشن سندور ناکام مہم جوئی ، بھارت کو عبرت ناک شکست ہوئی ، آئی ایس پی آر

آپریشن سندور ناکام مہم جوئی ، بھارت کو عبرت ناک شکست ہوئی ، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے ایک سال سے زائد عرصے بعد بھی بھارت شکست کے تلخ حقائق تسلیم کرنے کے بجائے تاریخ کو اپنی مرضی کے مطابق پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی تخلیق کاروں کی جانب سے ’’آپریشن سندور‘‘ پر تیار کی گئی دستاویزی فلم میں واقعات کو ڈرامائی انداز میں پیش کرتے ہوئے حقائق کو مسخ کیا گیا ہے جبکہ منتخب انٹرویوز، جذباتی بیانیے اور فلمی انداز کی منظرکشی کے ذریعے ایک مخصوص تاثر قائم کرنے کی کوشش کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ دستاویزی فلم میں 16 اپریل 2025 کے پاکستانی چیف آف آرمی اسٹاف کے خطاب کو 22 اپریل کے پہلگام واقعے سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، تاہم اس مبینہ تعلق کے حق میں کوئی قابلِ اعتماد ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :بھارت میں بھی معرکہ حق کی گونج، نئی دہلی ہائی کمیشن میں پروقار تقریب،پاک فوج کے حق میں نعرے

آئی ایس پی آر کے مطابق  بھارت نے بعد میں دعویٰ کیا کہ پہلگام واقعے کے تین مبینہ ذمہ داروں کو 28 جولائی 2025 کو ہلاک کیا گیا  جو ’’آپریشن سندور‘‘ کے 82 روز بعد کی تاریخ ہے۔ اگر آپریشن سندور پہلگام کے ذمہ داروں کو سزا دینے کے لیے تھا تو بھارت کو وضاحت کرنا ہوگی کہ 7 مئی 2025 کو کس کے خلاف کارروائی کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’’100 فیصد مشن کامیابی‘‘ کا بھارتی دعویٰ بھی عملی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔ معرکہ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا اور 8 بھارتی طیارے مار گرائے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے بعد ازاں آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے بھارتی فوجی اہداف کے خلاف درست نشانہ لگانے والے میزائلوں، فضائیہ کے پریسیژن ہتھیاروں، طویل فاصلے کے لوئٹرنگ میونیشنز اور توپ خانے کا استعمال کرتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی عسکری قیادت نے خود پاکستانی میزائل، ڈرون اور فضائی سرگرمیوں، لائن آف کنٹرول پر مسلسل جھڑپوں اور بھارتی فضائی دفاعی نظام کے غیر فعال ہونے کا اعتراف کیا ہے جو پاکستان کی فیصلہ کن شکست کے بھارتی دعوے سے مطابقت نہیں رکھتا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنگ بندی بھی دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان رابطے اور فوجی کارروائیوں کے خاتمے پر اتفاق کے نتیجے میں ہوئی  جسے بعد ازاں یک طرفہ بھارتی فتح کے طور پر پیش کرنا حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :معرکہ حق میں شکست، حقائق چھپانے پر بھارتی اپوزیشن نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو آڑھے ہاتھوں لےلیا

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دستاویزی فلم میں ایک طرف بھارتی کارروائیوں کو فیصلہ کن کامیابی قرار دیا گیا  جبکہ دوسری جانب یہ دعویٰ کیا گیا کہ بھارت نے کشیدگی محدود رکھی اور پاکستان کو ’’اخراج کا راستہ‘‘ دیا، جو خود بھارتی بیانیے میں موجود تضاد کو ظاہر کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ کسی بھی عسکری کارروائی کی کامیابی کا فیصلہ سینمائی منظرکشی یا سیاسی بیانات سے نہیں بلکہ زمینی حقائق، عملی نتائج اور قابلِ تصدیق شواہد سے ہوتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان خطے میں امن و استحکام کے عزم پر قائم ہے تاہم پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی آئندہ جارحیت کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

editor

Related Articles