پاکستان میں بچوں کی محفوظ براؤزنگ پر گوگل کا بڑا بیان

پاکستان میں بچوں کی محفوظ براؤزنگ پر گوگل کا بڑا بیان

پاکستان میں انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے ساتھ بچوں کی آن لائن حفاظت کا معاملہ بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

گوگل کے کلسٹر ڈائریکٹر فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ بچوں کو انٹرنیٹ استعمال کرنے سے روکنا ممکن نہیں، تاہم انہیں محفوظ براؤزنگ کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان نے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق روزانہ تقریباً 500 شکایات موصول ہورہی ہیں، جبکہ موجودہ دور میں کنیکٹیویٹی زندگی کے مختلف شعبوں کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک پر نئے فیچر کی تیاری ،اب صرف ویڈیو ہی نہیں، پیسے بھی بھیجے جا سکیں گے

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ گائیڈ لائنز اور دیگر معاملات پر مسلسل بات چیت جاری رہتی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک بھی سوشل میڈیا کے استعمال پر مختلف چیکس متعارف کرا رہے ہیں کیونکہ یہ احساس بڑھ رہا ہے کہ ہر قسم کا مواد ہر صارف کے لیے دستیاب نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب فرحان قریشی نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی تیزی سے وسعت اختیار کررہی ہے۔ پاکستان میں گوگل کے دفتر کا قیام دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ ملک آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے کاروبار کے لیے کھلا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:رواں ماہ جزوی چاند گرہن و بلڈ مون کا نظارہ کب ہو گا؟ تاریخ سامنے آگئی

گوگل نے حال ہی میں پاکستان میں اپنے پہلے دفتر کا افتتاح کیا ہے، جس کے موقع پر پاکستانی طلبہ کے لیے مفت جیمنائی سبسکرپشنز دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ سے ملاقات کے دوران کمپنی کے دفتر کا باضابطہ افتتاح کیا، جبکہ تقریب میں امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر بھی شریک تھیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے گوگل وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی پاکستان آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک گورننس سمیت مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کے اہم مرحلے سے گزر رہا ہے۔

editor

Related Articles