دبئی میں رہنے والی 29 سالہ پشپاجوتھی روی کمار نے اپنی غیر معمولی باریک لکھائی سے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔
پشپاجوتھی نے ایک چھوٹے سے اسٹکی نوٹ پر ہاتھ سے 150 مختلف الفاظ تحریر کیے، جو واضح اور پڑھنے کے قابل بھی تھے۔ خاتون کے مطابق وہ بچپن سے گینیز ورلڈ ریکارڈز دیکھتی آرہی ہیں اور ہمیشہ خود بھی اس کا حصہ بننے کا خواب رکھتی تھیں۔ مختلف افراد کو منفرد کارنامے انجام دیتے دیکھ کر انہیں بھی کچھ نیا کرنے کی تحریک ملتی رہی۔
پشپاجوتھی نے بتایا کہ ایک دن اچانک انہیں اسٹکی نوٹ پر زیادہ سے زیادہ الفاظ لکھنے کا خیال آیا، جس کے بعد انہوں نے اس منفرد چیلنج کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کیا۔
اس ریکارڈ کو بنانے میں سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ صرف ایک چھوٹے سے اسٹکی نوٹ پر 150 الفاظ اس انداز میں لکھے جائیں کہ تمام الفاظ واضح رہیں اور آسانی سے پڑھے جاسکیں۔
اس مقصد کے لیے پشپاجوتھی نے انتہائی باریک اور محتاط لکھائی کا استعمال کیا اور دستیاب جگہ کو مہارت سے استعمال کرتے ہوئے تمام الفاظ ایک ہی نوٹ پر سمو دیے۔ یوں اپنی غیر معمولی لکھائی کی مہارت کے ذریعے پشپاجوتھی روی کمار نے گینیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرا لیا۔