برطانیہ کی آنجہانی شہزادی ڈیانا کے بھائی چارلس اسپینسر نے اپنی بہن کی زندگی اور موت سے متعلق برسوں سے گردش کرنے والی مختلف باتوں اور مبینہ غلط معلومات پر اپنا مؤقف سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا۔
چارلس اسپینسر کا کہنا ہے کہ شہزادی ڈیانا کی موت کی 30ویں برسی قریب آنے کے باعث انہیں ایک بار پھر متعدد انٹرویوز کی درخواستیں موصول ہورہی تھیں۔ اسی صورتحال کے بعد انہوں نے اپنی یادیں اور خیالات ایک مرتبہ مکمل طور پر کتاب کی صورت میں قلم بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ شہزادی ڈیانا سے متعلق کئی ایسی باتیں بھی حقیقت کا درجہ اختیار کرگئیں جو ان کے خیال میں درست نہیں تھیں۔
چارلس اسپینسر نے بتایا کہ انہوں نے کتاب کا نام ’سوائن سانگ ڈیانا، مائے سسٹر‘ رکھا ہے، جس میں وہ اپنی بہن کے ساتھ گزرے وقت، ان سے جڑی یادوں اور ان کی موت کے المناک ہفتے سے متعلق تفصیلات بیان کریں گے۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ چارلس اسپینسر اپنی بہن شہزادی ڈیانا کی زندگی اور موت کے حوالے سے اس قدر تفصیل کے ساتھ اپنا مؤقف پیش کریں گے۔
کتاب 22 ستمبر کو برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں شائع کی جائے گی، جبکہ اسے 12 زبانوں میں ترجمہ کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔ شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997 کو پیرس میں ایک کار حادثے میں جاں بحق ہوئی تھیں۔ ان کی موت کے بعد سے حادثے کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں اور دعوے سامنے آتے رہے ہیں، تاہم چارلس اسپینسر کی آنے والی کتاب میں ان کی ذاتی یادوں اور نقطۂ نظر کو خاص اہمیت حاصل ہوگی۔