چین کی ایک عجیب و غریب اینیمیٹڈ فلم نے ایسی پلٹی ماری کہ فلم بنانے والے بھی شاید حیران رہ گئے۔
فلم ’نیولائی‘ 5 اگست کو ریلیز ہوئی تو پہلے 10 دنوں میں صرف 1,480 ڈالر کما سکی۔ بعض دنوں میں تو اس کی کمائی محض 30 ڈالر رہی۔ پھر سوشل میڈیا پر فلم کے کچھ مناظر وائرل ہوگئے۔
لوگوں نے فلم کی عجیب اینیمیشن، سخت حرکات اور غیر معمولی آوازوں کا مذاق اڑانا شروع کردیا۔ کسی نے اسے طالب علم کا پراجیکٹ کہا، کسی نے ’اے آئی سے بھی خراب‘ قرار دیا، جبکہ بعض صارفین نے اسے 2026 کی بدترین فلم تک کہہ دیا۔
لیکن اصل عجیب بات اس کے بعد ہوئی۔لوگوں نے فلم کا مذاق اڑانے کے ساتھ ساتھ اسے خود دیکھنے کا فیصلہ کرلیا، صرف یہ جاننے کے لیے کہ آخر یہ فلم واقعی اتنی خراب ہے یا نہیں۔ نتیجہ یہ نکلا کہ جس فلم کی روزانہ کمائی کبھی صرف 30 ڈالر تھی، وہ اچانک باکس آفس پر چھا گئی اور اس کی مجموعی آمدنی 2.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔
یعنی جس فلم کو لوگ دیکھ کر ہنس رہے تھے، وہی فلم انہیں سینما تک لے گئی۔ کبھی کبھی سوشل میڈیا پر بدنامی بھی ایسی مفت تشہیر بن جاتی ہے جو کروڑوں کی مارکیٹنگ سے زیادہ کام کر جاتی ہے۔