افغانستان میں طالبان حکومت نے ملک بھر میں ہر قسم کے مظاہروں پر پابندی عائد کردی۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ نے نئے قانونِ شرطہ (پولیس قانون) کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت افغانستان کی سرزمین پر کسی بھی قسم کا مظاہرہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
افغان وزارت انصاف کی جانب سے قانونِ شرطہ باضابطہ طور پر جاری کردیا گیا ہے، جس میں پولیس کے مختلف شعبوں کے فرائض اور ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق قانونِ شرطہ کی شق 50 میں واضح کیا گیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پر کسی بھی نوعیت کا مظاہرہ نہیں کیا جاسکے گا۔
یاد رہے کہ افغان طالبان نے حال ہی میں اپنی پولیس فورس کا نام تبدیل کرکے ’شرطہ‘ رکھا ہے۔
پولیس قانون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکار گرفتاری کے دوران ایسے اقدامات سے گریز کریں گے جن سے زیر حراست افراد یا ملزمان کی جسمانی صحت یا عزت نفس کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔
قانون کے تحت کسی بھی قیدی یا ملزم کو عدالتی حکم کے بغیر لاٹھی، کوڑے یا کیبل سے مارنے یا کسی بھی دوسرے طریقے سے تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔