نیپرا نے بڑے بجلی صارفین کے لیے ایک اہم تبدیلی کی تجویز دے دی ہے۔ مجوزہ ترامیم کے تحت ایک میگاواٹ یا اس سے زیادہ منظور شدہ لوڈ رکھنے والے صارفین کو ایک ہی وقت میں ایک سے زیادہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں سے بجلی خریدنے کی اجازت ہوگی۔
اس نظام کے تحت بڑے صارفین اپنی بجلی کی ضرورت کا کچھ حصہ سرکاری طور پر مقرر سپلائر سے جبکہ باقی ضرورت ایک یا ایک سے زیادہ مسابقتی سپلائرز سے پوری کرسکیں گے۔
اس مجوزہ نظام سے سب سے زیادہ فائدہ ایک میگاواٹ یا اس سے زیادہ منظور شدہ لوڈ رکھنے والے بڑے صنعتی اور کاروباری صارفین کو ہوگا، کیونکہ وہ اپنی بجلی کی ضرورت کا کچھ حصہ ایک سپلائر سے اور باقی کسی دوسرے مسابقتی سپلائر سے لے سکیں گے جس سے انہیں بہتر نرخ اور اپنی ضرورت کے مطابق بجلی کا سپلائر منتخب کرنے کا موقع مل سکتا ہے، تاہم حتمی مالی فائدہ اس وقت ہی واضح ہوگا جب مسابقتی سپلائرز کی قیمتیں اور دیگر چارجز سامنے آئیں گے۔
نیپرا کے مطابق مختلف سپلائرز سے حاصل کی جانے والی بجلی کا مجموعہ صارف کی 100 فیصد توانائی اور بجلی کی ضرورت کے برابر ہونا ضروری ہوگا۔
مجوزہ تبدیلی میں میٹرنگ، بجلی کے بل، ادائیگی، کنکشن اور ایک سپلائر سے دوسرے سپلائر کو تبدیل ہونے کے طریقہ کار کو بھی واضح کیا جائے گا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام میں ایک سے زیادہ بجلی سپلائرز سے بجلی لینے کے طریقہ کار کی واضح تفصیلات موجود نہیں، اس لیے کنزیومر سروس مینوئل میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔
نیپرا نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مجوزہ ترامیم پر اپنی آراء اور تجاویز 30 دن کے اندر جمع کرانے کو کہا ہے۔ آراء موصول ہونے کے بعد ترامیم کی حتمی منظوری دی جائے گی۔