امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر کو لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی پرواز میں فضائی عملے کے ارکان پرحملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز میں پیش آیا، جس میں فضائی عملے کے 2 ارکان زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے ایک کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ اداکارہ کو اتوار کی رات نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارے کی لینڈنگ کے بعد حراست میں لیا گیا۔
میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمیٰ بلیئر نے دوران پرواز ایک فضائی میزبان کو مکے مارے جبکہ دوسرے کو کاٹا۔ واقعے کے بعد پولیس اور طبی عملے کو بھی طلب کیا گیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نیویارک کے علاقے کوئنز کی عدالت میں اداکارہ پر اسپتال منتقلی کے دوران ایک پولیس اہلکار اور نرس پر حملے کے دو الزامات بھی عائد کیے گئے۔ عدالت نے ضمانت کے لیے 20 ہزار ڈالر نقد یا 60 ہزار ڈالر کے بانڈ کی شرط مقرر کی۔
اداکارہ کے نمائندے کا مؤقف
سلمیٰ بلیئر کے نمائندے کے مطابق اداکارہ کو دوران پرواز طبی ہنگامی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کے بقول لینڈنگ کے فوراً بعد اداکارہ کو طبی امداد فراہم کی گئی اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔
دوسری جانب ڈیلٹا ایئر لائنز نے کہا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ ایئر لائن کے مطابق غیر ذمے دارانہ یا غیر قانونی رویے کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جاتی ہے۔
ایف بی آئی کی تحقیقات جاری
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی بھی طیارے کے اندر پیش آنے والے مبینہ حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب سلمیٰ بلیئر کا نام دوران پرواز کسی تنازع سے منسلک ہوا ہو۔ سنہ 2016 میں بھی ایک پرواز کے دوران ان کی طبیعت اور رویے سے متعلق واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔
بعد ازاں اداکارہ نے بتایا تھا کہ انہوں نے ادویات کے ساتھ شراب استعمال کی تھی، جس کے باعث انہیں پیش آنے والے واقعات یاد نہیں رہے اور انہیں اپنے رویے پر افسوس تھا۔ تاہم موجودہ واقعے کی وجوہات کے حوالے سے ان کے نمائندے نے طبی ہنگامی صورت حال کا ذکر کیا ہے۔ سلمیٰ بلیئر امریکی اداکارہ ہیں، جو 2018 میں اپنی بیماری ملٹی پل اسکلروسس کی تشخیص کے بارے میں عوامی سطح پر بات کر چکی ہیں۔