معاذ صداقت کی دھواں دار بیٹنگ کے چرچے، ایان بشپ بھی معترف، ’360 ڈگری بیٹر‘ قرار دے دیا

معاذ صداقت کی دھواں دار بیٹنگ کے چرچے، ایان بشپ بھی معترف، ’360 ڈگری بیٹر‘ قرار دے دیا

ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ایان بشپ بھی معاز صاقت کی معترف نکلے ، انہوں  نے سری لنکا کے خلاف شاندار بیٹنگ پر پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’360 ڈگری بیٹر‘ قرار دیا ہے۔

معاذ صداقت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں صرف 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے اور وہ  اپنی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری سے محض 4 رنز کی دوری پر رہ گئے۔

ایان بشپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں معاذ صداقت کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026ء میں جمیکا کنگز مین کی جانب سے کھیلتے ہوئے معاذ صداقت کی صلاحیت دیکھ کر خوشی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : معاذ صداقت نے سی پی ایل میں تاریخ رقم کردی، تیز ترین سنچری بنانیوالے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے

ان کاکہنا تھا کہ نوجوان بلے باز کی اچھی فارم پاکستان کے لیے بھی برقرار ہے اور میں ان کے کامیاب مستقبل کے لیے خواہاں ہوں ، ایان بشپ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں معاذ صداقت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’اچھا 360 ڈگری بیٹر‘ قرار دیا۔

یہاں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ ’360 ڈگری بیٹر‘ سے مراد ایسا بلے باز ہے جو میدان کے مختلف حصوں میں مختلف انداز سے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

واضح رہے کہ معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے تھے ،کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی 44 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں : محمد رضوان معاذ صداقت کو پاکستان ٹیم کی شرٹ میں دیکھ کر خوشی سے نہال، کیا کہا؟

دوسری جانب سری لنکن ٹیم پاکستانی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکی اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز تک محدود رہی ، پاکستان نے 82 رنز سے میچ جیت کر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی ۔

اس سے قبل قومی کرکٹر  محمد رضوان نے بھی معاذصداقت کی شاندار بلے بازی کو سراہا تھا ۔

پاکستان کرکٹ میں ہمیشہ سے نوجوان ٹیلنٹ کی فراوانی رہی ہے، تاہم کم عمر میں ہی اس طرح کی بڑی اننگز کھیلنا اور بین الاقوامی سطح کے ماہرین اور سابق لیجنڈز کی توجہ مبذول کرانا کسی بھی کھلاڑی کے کیریئر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوتا ہے۔

editor

Related Articles