وزیر اعلی نے پولیس کیخلاف ڈنڈا اٹھا لیا ، آئی جی کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن

وزیر اعلی نے پولیس کیخلاف ڈنڈا اٹھا لیا ، آئی جی کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، پولیس کی کارکردگی اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پولیس میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح ہدایت کی کہ پولیس میں کرپشن اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کرپٹ افسران کو تھانوں میں ایس ایچ او تعینات نہ کیا جائے انہوں نے پولیس کے نظام میں شفافیت اور جوابدہی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں قیدیوں کے فرار کے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے  وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قیدی وینز اور اہم مقامات پر کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ قیدیوں کی منتقلی اور حساس مقامات کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بڑی کٹوتی

مریم نواز نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے لیے باڈی کیمروں کی تنصیب کا حکم بھی دیا اور اس حوالے سے ایک ہفتے کے اندر عملی پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ باڈی کیمروں کے ذریعے پولیس اہلکاروں کی کارروائیوں کی نگرانی  شفافیت میں اضافہ اور شکایات کی صورت میں حقائق تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔

وزیراعلیٰ نے جرائم کی شرح کے حوالے سے ضلعی پولیس افسران کی کارکردگی کو بھی براہ راست جوابدہی سے جوڑ دیا انہوں نے واضح کیا کہ جس ضلع میں جرائم میں اضافہ ہوگا وہاں کے ڈی پی او سے بازپرس کی جائے گی اور ضلعی سطح پر امن و امان کی صورتحال کی ذمہ داری متعلقہ پولیس افسر پر عائد ہوگی۔

اجلاس کے دوران خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے معاملے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچے ان کی ریڈ لائن ہیں اور ان کے خلاف جرائم میں کسی کو معافی نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ایسے مقدمات میں مؤثر اور فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں پنجاب میں مجموعی امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح بنایا جائے اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پولیس کے اندر موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی آئی جی پنجاب کو دی گئی ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن کے بعد اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا

Qaisar Mirza
editor

Related Articles