وفاقی دارالحکومت میں فائر سیفٹی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ فائر سیفٹی انتظامات میں سنگین خامیوں اور قوانین کی عدم تعمیل پر اسلام آباد میں 8 عمارتیں سیل کر دی گئی ہیں، جبکہ تین بڑے ہسپتالوں پر مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد بھر میں فائر سیفٹی معائنوں کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ معائنے کے دوران مختلف سرکاری، تجارتی اور نجی عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات، فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی ایگزٹس اور ہنگامی صورتحال میں عمارت خالی کرانے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی اور مطلوبہ حفاظتی انتظامات مکمل نہ ہونے پر شہیدِ ملت سیکرٹریٹ، اسٹیٹ لائف بلڈنگ، ٹی ڈی اے پی بلڈنگ، بیورلے سینٹر، این آئی سی بلڈنگ، کراؤن پلازہ، خداداد ہائٹس پلازہ اور انوائے کانٹی نینٹل ہوٹل کو سیل کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ عمارتوں میں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات نہ ہونا انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے اس لیے قوانین پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کیپیٹل ہسپتال، پولی کلینک اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) پر بھی کارروائی کی گئی ہے۔ تینوں اداروں کو 5،5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جس کے بعد ان سے فائر سیفٹی کے تقاضے فوری طور پر پورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری معائنوں کے دوران یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ عمارتوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب راستے موجود ہیں یا نہیں، فائر فائٹنگ آلات قابلِ استعمال حالت میں ہیں یا نہیں اور کسی حادثے کی صورت میں عمارت میں موجود افراد کے محفوظ انخلا کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں یا نہیں۔
سی ڈی اے حکام نے عمارتوں کے مالکان، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فائر سیفٹی سے متعلق تمام ضروری انتظامات فوری طور پر مکمل کریں اور مقررہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ فائر سیفٹی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی یا عدم تعمیل کی صورت میں سیلنگ، جرمانوں اور دیگر قانونی اقدامات سمیت مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فائر سیفٹی قوانین پر عمل درآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اسلام آباد میں فائر سیفٹی معائنوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔