پولیس ذرائع کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق صدر پی ٹی آئی پنجاب حماد اظہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر کو ملتان سے گرفتار کرکے لاہور پولیس کی حراست میں دیا گیا ہے، وہ 9 مئی کے واقعات میں مختلف مقدمات میں ملوث ہیں۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حماد اظہر کو آر اے بازار کے قریب سے انکے دوست کے گھر سے حراست میں لیاگیا ، رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر 9 مئی جی او آر گیٹ حملہ کیس میں مطلوب تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حماد اطہر 9 مئی 2023 سے اشتہاری تھے، وہ اپنے والد کے انتقال پر منظر عام پر آئے تھے لیکن پھر اس کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ حماد اظہر کو انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے ، حماد اظہر 9 مئی کے 50 سے زائد مقدمات میں بھی نامزد ملزم ہیں، حماد اظہر نے لاہور اور پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کےلئے رجوع کررکھا ہے۔
مقدمات کے اندراج کے بعد حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفی دے دیاتھا، پی ٹی آئی نے حماد اظہر کو پنجاب کے صدر کی ذمہ داری سونپ رکھی تھی۔
واضح رہے کہ انسداد دہشتگری کی عدالت نےعدم پیشی پر حماد اظہر کو اشتہاری قرار دے رکھا تھا، عدالت نے حماد اظہر کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے تھے۔