وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل فیصل نصیر نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن و استحکام کو درپیش چیلنجز، دہشت گردی کے تدارک اور متعلقہ اداروں کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کے مؤثر تبادلے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اس موقع پر نیکٹا اور بلوچستان حکومت کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات بھی زیر غور آئے۔
ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ادارہ جاتی رابطہ کاری بہتر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
دہشت گردی کے سدباب کے لیے مختلف اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، اس ضمن میں انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کے نظام کو مؤثر بنانے کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے میجر جنرل فیصل نصیر کی انسداد دہشت گردی کے لیے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل تدارک کے لیے اداروں کے درمیان تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔