یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کے سلسلے میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور ملک و قوم کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کو فوجی اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی۔
اس موقع پر ایڈجوٹنٹ جنرل پاکستان آرمی نے بھی یادگارِ شہداء پر حاضری دی،انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
تقریب کے دوران ایڈجوٹنٹ جنرل نے شہداء کے اہلخانہ سے خصوصی ملاقات بھی کی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا،ملاقات کے موقع پر شہداء کے لواحقین نے اپنے مسائل اور درپیش مشکلات سے ایڈجوٹنٹ جنرل کو آگاہ کیا، جنہیں انہوں نے توجہ سے سنا۔
ایڈجوٹنٹ جنرل نے شہداء کے خاندانوں کو یقین دلایا کہ پاک فوج ان کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی،انہوں نے شہداء کے اہلخانہ کی قربانیوں اور وطن کے دفاع میں ان کے کردار کو بھی سراہا۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی گئی،یومِ دفاع و شہداء ہر سال ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔