نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک اور سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب نادرا دفاتر میں طویل قطاروں اور انتظار سے بچنے کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے پیشگی اپائنٹمنٹ حاصل کی جا سکے گی۔
نادرا کے مطابق شہری گھر بیٹھے اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی متعلقہ نادرا دفتر کا انتخاب کرکے دستیاب وقت میں اپائنٹمنٹ بک کر سکتے ہیں،اس سہولت کا مقصد شہریوں کو مقررہ وقت کے قریب دفتر پہنچ کر کم انتظار کے ساتھ مطلوبہ خدمات فراہم کرنا ہے۔
پاک آئی ڈی ایپ کا نیا ورژن
نادرا کی جانب سے حال ہی میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس میں شہریوں کی سہولت کے لیے متعدد نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں،نئے ورژن میں شناختی خدمات کے ساتھ ساتھ شکایات کے اندراج اور شہریوں کے ریکارڈ سے متعلق مختلف سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
نادرا ترجمان سید شباہت علی نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نئی اپ ڈیٹ کے بعد شہری پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے ایف آئی اے کو آن لائن شکایت بھی درج کرا سکتے ہیں،اس کے علاوہ فیملی ریکارڈ میں درستگی، دستخط اپ لوڈ کرنے اور شناختی دستاویزات سے متعلق ڈیجیٹل سہولیات بھی ایپ کا حصہ بنائی گئی ہیں۔
شناختی خدمات مزید آسان
نادرا کا کہنا ہے کہ پاک آئی ڈی ایپ میں شامل نئی سہولیات کا مقصد شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات تک آسان اور تیز رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں معمولی نوعیت کے کاموں کے لیے بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
نئی اپ ڈیٹس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے متعدد مراحل مکمل کرنے کے ساتھ ضرورت پڑنے پر نادرا دفتر کے لیے اپنی اپائنٹمنٹ بھی پہلے سے حاصل کر سکیں گے،نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں شامل نئے فیچرز اور دیگر سہولیات سے متعلق مزید تفصیلات اتھارٹی کے سرکاری ذرائع سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔