خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی پوسٹنگ اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ پنجاب میں تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے چوتھی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول نصاب میں گلوبل سٹیزن شپ کا نیا مضمون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتیوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ کی پوسٹنگ اور تبادلوں پر پابندی 31 دسمبر 2026 تک نافذ رہے گی۔
تاہم ترقی پانے والے اساتذہ اور نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کی تعیناتی کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نئے قائم کیے گئے اسکولوں کو فعال کرنے کے لیے ضروری تعیناتیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
دوسری جانب پنجاب میں تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اسکول کے طلبہ کے لیے گلوبل سٹیزن شپ کا نیا مضمون متعارف کرانے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ یہ مضمون صوبہ پنجاب میں چوتھی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول نصاب میں شامل کیا جائے گا اور 100 نمبروں کا الگ مضمون ہو گا۔
یونیسیف کے تعاون سے نئے مضمون کو اگلے تعلیمی سال سے نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس مضمون میں بین الاقوامی شہریت، عالمی سطح پر طلبہ کے حقوق اور ذمہ داریوں اور ذمہ دار شہری بننے کی اہمیت پر توجہ دی جائے گی۔
پنجاب ایگزامینیشن کمیشن (پی ای سی) نے گلوبل سٹیزن شپ کے مضمون کے تعارف کے حوالے سے یونیسیف سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ یونیسیف سے کورس سے متعلق نصابی کتب اور دیگر تعلیمی مواد کی طباعت کے لیے بھی فنڈ فراہم کرنے کی توقع ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق گلوبل سٹیزن شپ کے مضمون کا مقصد عالمی برادری کے بارے میں طلبہ کی سمجھ کو وسیع کرنا اور بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریوں اور کردار کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں ان کی مدد کرنا ہے۔