وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت نہ ملنے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جلد وزیراعظم سے ملاقات نہ ہوئی تو وہ وزارت چھوڑنے پر غور کریں گے۔
ایک انٹرویو میں قیصر احمد شیخ نے حکومتی نظام، بیوروکریسی اور مبینہ کرپشن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بھرپور کوششوں کے باوجود مطلوبہ نتائج نہیں دے پا رہے، جس پر وہ خود بھی تکلیف میں ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے اپنے 60 سالہ تجربے کو بروئے کار لانے کی کوشش کی، تاہم مختلف سطحوں پر مبینہ کرپشن اور بیوروکریسی کی جانب سے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔
قیصر احمد شیخ کے مطابق انہوں نے کئی بار سنجیدگی سے وزارت چھوڑنے پر غور کیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران وزیراعظم نے انہیں ملاقات کے لیے ایک منٹ کا وقت بھی نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ جلد وزیراعظم سے ملاقات ہو جائے، بصورت دیگر وہ وزارت چھوڑ دیں گے۔
حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہی ہیں، تاہم غریب عوام کی حالت میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی۔