پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور لانگ مارچ کے اعلان کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم درخواست دائر کردی گئی ہے، جس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر شہری وقاص احمد کی درخواست کی کل سماعت کریں گے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی تمام سڑکیں کھلی رکھنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
درخواست گزار کی جانب سے سرکاری دفاتر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے روکنے کی استدعا بھی کی گئی ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرکاری اداروں اور دفاتر کو سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
درخواست میں چیف منسٹر آفس سے متعلق بھی عدالت سے ڈیکلریشن جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات عدالت میں سماعت کے دوران سامنے آنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر درخواست پر کل سماعت کریں گے، جس کے بعد 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق قانونی صورتحال مزید واضح ہوگی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کی کال کے تناظر میں دائر ہونے والی اس درخواست کو سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم قانونی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے تاہم احتجاج کے انعقاد سے متعلق حتمی صورتحال عدالت کی جانب سے درخواست پر کارروائی کے بعد واضح ہوگی۔