بالی ووڈ اداکار اور بگ باس کے پہلے سیزن کے فاتح راہول رائے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے شادی کی تقریبات میں رقص کرتے ہیں اور اس کام سے لاکھوں روپے کما لیتے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں راہول رائے سے شادیوں میں رقص کرنے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس پر کوئی شرمندگی نہیں، کیونکہ زندگی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اداکار نے کہا کہ 2020 میں برین اسٹروک کے بعد ان کے لیے کام کرنا مشکل ہوگیا تھا اور اس دوران انہیں مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
راہول رائے کے مطابق صحت کے مسائل کے باوجود انہوں نے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے جو کچھ ممکن تھا، وہ کیا۔ وہ شادی کی تقریبات میں رقص کرکے ایک موقع پر 2 لاکھ سے 4 لاکھ روپے تک کما لیتے ہیں۔
انہوں نے اپنی شادیوں میں رقص کی ویڈیوز پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ انہیں ٹرول کرتے ہیں، وہ نہیں جانتے کہ انہیں کن حالات میں پیسوں کی ضرورت ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ برین اسٹروک نے ان کے کیریئر پر گہرا اثر ڈالا اور گزشتہ کئی برس ان کی زندگی کا زیادہ تر حصہ صحت یاب ہونے میں گزرا، جس کے باعث وہ اتنا کام نہیں کر سکے جتنا وہ کرنا چاہتے تھے۔
راہول رائے نے کہا کہ وہ اب 60 سال کی عمر میں اپنے کیریئر اور زندگی کو دوبارہ سنوارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ طویل صحت یابی کے بعد وہ 2022 میں دوبارہ فلموں میں نظر آئے، تاہم اس بار انہیں معاون کرداروں میں کام ملا۔ حالیہ برسوں میں وہ ’آگرہ‘ اور ’واک‘ سمیت مختلف فلموں میں بھی دکھائی دیے۔ ہیں۔