سہ ملکی کرکٹ سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ، دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں 21 سال بعد ون ڈے میچ میں مدمقابل ہیں۔
قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان نے انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، چوتھے میچ میں انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے جبکہ مہمان ٹیم کی 52 رنز پر چوتھی وکٹ بھی گر گئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو ہم پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم میں ایک اضافی اسپنر شامل کیا ہے، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، رضا اللہ ڈیبیو کریں گے جبکہ شاداب خان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ وارم اپ کے دوران نسیم شاہ کی انگلی میں انجری ہوئی ہے جبکہ فہیم اشرف کو ٹیم سے ڈراپ کیا ہے۔
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں شاداب خان، رضا اللّٰہ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، حسن نواز، عرفات منہاس، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
میچ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے تحت گلابی کٹ پہن رکھی ہے ، اس اقدام کا مقصد بریسٹ کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور اس مرض کی بروقت تشخیص کی اہمیت کو نمایاں کرنا ہے۔
سہ ملکی سیریز کے ابتدائی تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے، جہاں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دو میچز میں کامیابی حاصل کی، جبکہ سری لنکا ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہا ، دوسری جانب انگلینڈ کو اپنے ابتدائی دونوں مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ، سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرنے اور فائنل کی دوڑ میں قائم رہنے کے لیے انگلینڈ کو آج ہر حال میں فتح درکار ہے۔