آئی جی پی اسلام آباد کی زیرصدارت اجلاس، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاون تیز کرنے کی ہدایت

آئی جی پی اسلام آباد کی زیرصدارت اجلاس، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاون تیز کرنے کی ہدایت

وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور جرائم کے خاتمے کے لیے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں اسلام آباد پولیس کی مجموعی کارکردگی اور انسدادِ جرائم کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم، ایس ایس پی لا اینڈ آرڈر اینڈ آرگنائزڈ کرائم یونٹ حسام بن اقبال، ایس ایس پی انویسٹی گیشن سلیمان ظفر، زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

 گاڑی اور موٹر سائیکل چور گینگ کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

آئی جی اسلام آباد نے زیرِ تفتیش مقدمات میں پیشرفت اور پولیس کارکردگی کے حوالے سے ہدایت کی کہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث متحرک گینگسٹرز کے خلاف بلاامتیاز اور موثر آپریشنز شروع کیے جائیں  اور ملزمان کی فوری گرفتاری اور مسروقہ گاڑیاں و موٹر سائیکلز کی برآمدگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ان کاکہنا تھا کہ میرٹ اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام زیرِ تفتیش کیسز کو بروقت نمٹایا جائے اور پولیس پیٹرولنگ میں مزید اضافہ کیا جائے۔

 بہترین کارکردگی پر انعامات

اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد نے شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی حوصلا افزائی کے لیے ان میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ بہترین کارکردگی کو سراہنا فورس کے مورال کو بلند کرنے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے انتہائی ضروری ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فرض شناسی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ دارالحکومت کے شہریوں کو ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

editor

Related Articles