مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی گھناونی کوشش قابل مذمت، حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے سعودیہ کے ساتھ کھڑے ہیں ، وزیراعظم

مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی گھناونی کوشش قابل مذمت، حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے سعودیہ کے ساتھ کھڑے ہیں ، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی بزدلانہ اور گھناؤنی کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسجدِ حرام، مکہ المکرمہ کے مقدس مقام پر ہونے والے بزدلانہ اور گھناؤنے ڈرون حملے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ،  پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز اور افسوسناک اقدام پر دکھی اور شدید تشویش میں مبتلا ہیں، اس قابلِ مذمت اور ناقابلِ معافی کارروائی کے نتیجے میں ہمارے دلوں میں جو گہرا دکھ، کرب اور اضطراب پیدا ہوا ہے، اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سعودی مسلح افواج کی غیرمعمولی مستعدی، شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس خطرے کا مقابلہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا کہ  میں ایک بار پھر تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید کشیدگی کے دہانے سے پیچھے ہٹنے کی اپیل کرتا ہوں، ہمارا خطہ پہلے ہی تنازعات کی بہت بھاری قیمت ادا کرچکا ہے، پائیدار امن کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کے لیے پوری ثابت قدمی کے ساتھ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، یہ ایسا فریضہ ہے جسے ہر پاکستانی اپنے دل کے انتہائی قریب رکھتا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کا دو ٹوک مؤقف،سعودی عرب کے حقِ دفاع کی مکمل حمایت کا اعلان

دریں اثنا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال پر منعقدہ ہنگامی اجلاس سے پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی بگڑتی صورتحال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اس حوالے سے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے تمام حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، حوثی حملوں سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حوثی حملوں کے عالمی معیشت اور توانائی کے تحفظ پر بھی سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں پاکستان کا دو ٹوک مؤقف، حوثی حملوں کی شدید مذمت، سعودی عرب کے حقِ دفاع کی مکمل حمایت کا اعلان

واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کا یہ حالیہ بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، اس بیان کے ذریعے پاکستان نے نہ صرف اپنے دیرینہ اور سٹریٹجک اتحادی سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے، بلکہ عالمی برادری کی توجہ ایک اہم جغرافیائی اور معاشی خطرے (باب المندب پر حملوں) کی جانب بھی مبذول کروائی ہے۔

editor

Related Articles