امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے ایک اہم مشن مکمل کرتے ہوئے مزید 3 مواصلاتی سیٹلائٹس کامیابی سے زمین کے گرد مدار میں پہنچا دیے۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ نے فلوریڈا کے کیپ کنیورل اسپیس فورس اسٹیشن سے پرواز کی۔ اس مشن کے ذریعے لکسمبرگ کی کمپنی ایس ای ایس کے او تھری بی ایم پاور سیٹلائٹ نیٹ ورک کے آخری 3 سیٹلائٹس مدار میں بھیجے گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بوئنگ کی جانب سے تیار کیے گئے او تھری بی ایم پاور سیٹلائٹس میں سے ہر ایک کا وزن تقریباً 3 ہزار 750 پاؤنڈ یعنی 1700 کلوگرام ہے۔ اس مشن کے ساتھ اسپیس ایکس نے اس سیٹلائٹ نیٹ ورک کے تمام سیٹلائٹس مدار میں پہنچانے کا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔ کمپنی نے دسمبر 2022 سے شروع ہونے وال6 فالکن 9 پروازوں کے ذریعے ایس ای ایس کے او تھری بی ایم پاور نیٹ ورک کے تمام سیٹلائٹس مدار میں پہنچائے۔
رواں سال اسپیس ایکس کا 107واں مداری مشن
یہ پرواز اسپیس ایکس کا رواں سال 107واں مداری مشن تھی۔ ان 107 مشنز میں سے 105 فالکن 9 راکٹ کے ذریعے مکمل کیے گئے، جبکہ دیگر 2 مشنز میں فالکن ہیوی راکٹ استعمال کیے گئے۔ مسلسل خلائی مشنز کے ذریعے اسپیس ایکس زمین کے گرد مواصلاتی سیٹلائٹس کے نیٹ ورک کی توسیع میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔