دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فونز کے حوالے سے ایک دلچسپ صورتحال سامنے آئی ہے، جہاں کمپنی کے نسبتاً سستے فون نے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے معاملے میں مہنگے ترین ماڈل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سام سنگ کے گلیکسی ایس 26 ایف ای کو کمپنی کے نئے سافٹ ویئر ون یو آئی 9 کا مستحکم ورژن مل چکا ہے، جبکہ تقریباً دوگنی قیمت رکھنے والا گلیکسی ایس 26 الٹرا اب بھی بیٹا مرحلے میں موجود ہے۔
اینڈرائڈ پولیس کی رپورٹ کے مطابق گلیکسی ایس 26 ایف ای کو اگست کے اختتام پر ون یو آئی 9 کا مستحکم اپ ڈیٹ جاری کیا گیا، جبکہ ایس 26 الٹرا صارفین ابھی نئے سافٹ ویئر کے بیٹا ورژن تک محدود ہیں۔
ماضی میں سام سنگ کی گلیکسی ایس سیریز کو کمپنی کے نئے اینڈرائیڈ اور ون یو آئی اپ ڈیٹس سب سے پہلے حاصل ہوتے تھے۔ عام طور پر نئے فلیگ شپ ایس سیریز فونز کو اپ ڈیٹ دینے کے بعد فولڈیبل، ایف ای اور دیگر ماڈلز کی باری آتی تھی۔ تاہم گلیکسی ایس 25 اور ایس 26 کی دو نئی جنریشنز کے دوران یہ ترتیب تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس تبدیلی کی ایک اہم وجہ گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ کے بڑے ورژنز جاری کرنے کے شیڈول میں تبدیلی ہے۔
اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ کا شیڈول تبدیل ہونے سے کیا ہوا؟
ماضی میں گوگل عموماً اینڈرائیڈ کے بڑے اپ ڈیٹس اگست سے اکتوبر کے دوران جاری کرتا تھا۔ دوسری جانب سام سنگ اپنے نئے فولڈیبل فونز جولائی یا اگست میں متعارف کراتا تھا۔ اس وقت نئے اینڈرائیڈ ورژن فولڈیبل فونز کے لانچ کے بعد دستیاب ہوتے تھے، جس کے باعث ایس سیریز کو نئے سافٹ ویئر کا اپ ڈیٹ پہلے مل جاتا تھا۔
اب گوگل نے اینڈرائیڈ کے بڑے ورژنز کی ریلیز کا وقت جون یا جولائی کے قریب کر دیا ہے۔ اس تبدیلی کے باعث سام سنگ کے نئے فولڈیبل فونز بھی نئے اینڈرائیڈ اور ون یو آئی ورژن کے ساتھ مارکیٹ میں آنے لگے ہیں۔ اسی شیڈول کا فائدہ گلیکسی زیڈ فولڈ، زیڈ فلپ اور ایف ای سیریز کے بعض ماڈلز کو بھی پہنچ رہا ہے۔
گلیکسی ایس 26 ایف ای کو ایس 26 الٹرا سے پہلے ون یو آئی 9 کا مستحکم ورژن ملنا اس بات کی دلچسپ مثال ہے کہ فون کی قیمت لازماً یہ طے نہیں کرتی کہ اسے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ سب سے پہلے ملے گا۔سام سنگ کے نئے اپ ڈیٹ شیڈول میں گوگل کی اینڈرائیڈ ریلیز اور کمپنی کے مختلف فونز کے لانچ ٹائم کا بھی اہم کردار ہے۔