بلاول کے سندھ میں سرکاری اسکول کی خستہ حالی، چھت کا پلستر گرنے سے 3 طلبہ زخمی

بلاول کے سندھ میں سرکاری اسکول کی خستہ حالی، چھت کا پلستر گرنے سے 3 طلبہ زخمی

  سندھ کے ضلع ٹنڈو اللہ یار میں سنجر چانگ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کی عمارت کی خستہ حالی نے طلبہ کے لیے خطرات پیدا کردیئے، جہاں چھت کا پلستر اچانک گرنے سے 3 طلبہ زخمی ہوگئے۔

واقعے نے سندھ میں سرکاری تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حالت اور طلبہ کے لیے حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں، سندھ میں صوبائی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے جس کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری ہیں۔

سنجر چانگ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کی عمارت طویل عرصے سے مسائل کا شکار ہے، عمارت کے مختلف حصوں میں خستہ حالی کے باعث طلبہ اور اساتذہ کو مشکلات کا سامنا ہے،حالیہ واقعے میں کلاس روم کی چھت سے پلستر کا حصہ نیچے آگرا، جس کی زد میں آکر 3 طلبہ زخمی ہوگئے۔

اسکول میں پیش آنے والے واقعے کے بعد طلبہ کی حفاظت کے حوالے سے تشویش سامنے آئی ہے، والدین اور مقامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ سرکاری اسکول کی عمارت کا فوری معائنہ کیا جائے اور جہاں تعمیر و مرمت کی ضرورت ہے وہاں ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

خستہ حال عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رہنے کی صورت میں مستقبل میں بھی ایسے واقعات کا خطرہ موجود رہ سکتا ہے،سندھ میں طویل عرصے سے پیپلز پارٹی کی حکومت رہی ہے اور تعلیم کے شعبے میں مختلف ادوار میں اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں تاہم عملی کام نظر نہیں آیا۔

ایسے میں ٹنڈو اللہ یار کے ایک سرکاری ہائر سیکنڈری اسکول کی خستہ حالی اور چھت کا پلستر گرنے سے طلبہ کے زخمی ہونے کا واقعہ صوبائی حکومت کی توجہ کا متقاضی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سندھ کی سیاست میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں سندھ کے سرکاری اسکولوں کی صورتحال سے متعلق ایسے واقعات پارٹی کی قیادت اور صوبائی حکومت  کی نااہلی ہے ۔

والدین کی جانب سے بنیادی مطالبہ یہی ہے کہ اسکولوں کی عمارتوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ بچوں کو تعلیم کے حصول کے دوران کسی خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واقعے کے بعد متاثرہ اسکول کی عمارت کا تفصیلی جائزہ لینے اور خستہ حصوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا گیا ہے، طلبہ کے زخمی ہونے کے واقعے نے یہ ضرورت بھی اجاگر کردی ہے کہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حالت باقاعدگی سے چیک کی جائے۔

سنجر چانگ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں پیش آنے والے واقعے کے بعد اب توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ عمارت کی مرمت اور طلبہ کی حفاظت کے لیے   پی پی حکام کیا اقدامات کرتے ہیں۔

editor

Related Articles