پولیس نے سیالکوٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت تقریباً 150 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے،پولیس کے مطابق مظاہرین پر پولیس ٹیم پر فائرنگ، اہلکاروں پر حملہ، پتھراؤ، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور دہشتگردی سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق پیرس روڈ پر پولیس ٹیم ڈیوٹی انجام دے رہی تھی کہ علامہ اقبال چوک کی جانب سے 100 سے 150 افراد پر مشتمل جلوس وہاں پہنچا،پولیس کا مؤقف ہے کہ جلوس میں شامل افراد کے پاس جدید خودکار ہتھیار، ڈنڈے، لوہے کے راڈ اور پتھر موجود تھے، مظاہرین پی ٹی آئی کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران اہلکاروں پر ڈنڈوں، لوہے کے راڈ اور پتھروں سے حملہ کیا گیا جبکہ مسلح افراد کی جانب سے جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔
کانسٹیبل زخمی ، ہسپتال منتقل
ایف آئی آر میں درج شکایت کے مطابق حملے کے دوران کانسٹیبل حامد علی شدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا،پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے موقع پر کھڑی پولیس وین کے شیشے بھی توڑ دیے جبکہ دیگر سرکاری اور نجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
کوٹوالی پولیس نے مقدمے میں پی ٹی آئی کے 27 رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا ہے، نامزد افراد میں عمر ڈار، سعید بھلی، بیرسٹر جمشید، میاں سرمد، میاں اعجاز، حافظ حامد رضا، ساجد پرویز، عمر جاوید، عثمان راجپوت، عثمان بھٹی اور مہر فیصل سمیت دیگر افراد شامل ہیں اس کے علاوہ 100 سے 150 نامعلوم افراد کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔
دہشتگردی سمیت دفعات
پولیس نے مقدمے میں ایم پی او کی دفعہ 16، انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 7 جبکہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 148، 149، 186، 188، 353، 431، 440 اور 324 شامل کی ہیں۔
مقدمے میں دہشتگردی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی، سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے، پولیس اہلکاروں پر حملہ، املاک کو نقصان پہنچانے اور اقدام قتل سمیت مختلف الزامات شامل ہیں،مقدمے میں نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں کارروائیاں کررہی ہیں اور مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں نے منگل کے روز سیالکوٹ میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حمایت میں ریلی نکالی تھی،سہیل آفریدی پنجاب کے دورے پر تھے اور پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ان کے حق میں مختلف مقامات پر سیاسی سرگرمیاں کی گئی تھیں، سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 150 کے قریب افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔