پاکستانی ڈیجیٹل کریئیٹر رجب بٹ نے اپنے بیٹے کی پہلی سالگرہ دھوم دھام سے منائی، جس کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
راجہ بٹ نے اپنے بیٹے کیوان سلطان کی پہلی سالگرہ لاہور میں واقع اپنے گھر پر منعقد کی، جس میں ان کی والدہ، دوست حیدر اور دیگر اہلخانہ بھی شریک ہوئے۔
کیوان کی سالگرہ کے لیے بلیو پولو تھیم رکھی گئی تھی۔ رجب بٹ، ان کی اہلیہ ایمان اور بیٹے کیوان نے بھی تقریب کے لیے نیلے رنگ کے ملبوسات کا انتخاب کیا، جبکہ تقریب کے اسٹیج کو بھی نیلے رنگ سے سجایا گیا تھا۔رجب بٹ نے بیٹے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اسے کئی قیمتی تحائف بھی دیے۔
سالگرہ کے موقع پر رجب بٹ نے کیوان کو سونے کے زیورات تحفے میں دیے اور خود اپنے ہاتھوں سے زیورات بیٹے کو پہنائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بیٹے کو ایک خوبصورت گاڑی بھی تحفے میں دی، جس پر تقریب میں موجود اہلخانہ نے خوشی کا اظہار کیا۔ ویڈیو میں رجب بٹ اپنے بیٹے کو کافی دیر تک گود میں اٹھائے نظر آئے جبکہ وہ خود بھی خوش دکھائی دیے۔ اہلخانہ نے کیوان کی پہلی سالگرہ کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کی۔
رجب بٹ پاکستان کے معروف ڈیجیٹل کریئیٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر لاکھوں افراد انہیں فالو کرتے ہیں۔ وہ ان دنوں روزانہ وی لاگز کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو سیشنز میں بھی سرگرم ہیں۔