امریکا میں رگبی کے کھلاڑی عزیز الشائر کو فلسطینی بچی ہند رجب کے نام کا اسٹیکر چہرے پر لگانے پر 11 ہزار ڈالر جرمانہ کردیا گیا۔
عزیز الشائر نے یہ اسٹیکر ہیوسٹن ٹیکسانز اور بوفیلو بلز کے درمیان میچ کے دوران اپنے چہرے پر لگایا تھا، جس پر ان کے خلاف جرمانے کی کارروائی کی گئی۔ عزیز الشائر اس سے قبل بھی فلسطین کے حق میں اظہار یکجہتی کرچکے ہیں۔ گزشتہ سیزن کے دوران انہوں نے اپنے چہرے پر ’اسٹاپ دی جینوسائیڈ‘ یعنی نسل کشی روکنے کا پیغام درج اسٹیکر لگایا تھا، جس پر بھی انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ہند رجب ایک کمسن فلسطینی بچی تھیں جو غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ کی زد میں آگئی تھیں۔ ہند رجب نے فائرنگ کے دوران ریسکیو اداروں سے مدد کے لیے رابطہ کیا تھا۔ ان کی مدد کے لیے ریسکیو ٹیم بھی روانہ ہوئی، تاہم بعد میں ہند رجب کی شہادت کی خبر سامنے آئی۔
عزیز الشائر کی جانب سے ہند رجب کے نام کا اسٹیکر لگانا فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر سامنے آیا، جس کے بعد ان پر 11 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔