ایشیائی کرکٹ کی دونوں ٹرافیوں کی بھارت منتقلی کی امیدیں فی الحال پوری ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ کی مینز اور ویمنز دونوں ٹرافیاں اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور انہیں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی کے پاس رکھا گیا ہے۔
گزشتہ برس بھارتی مینز ٹیم نے دبئی میں اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جبکہ گزشتہ اتوار بھارتی ویمن ٹیم نے بھی کامیابی کے بعد ٹرافی وصول نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ٹرافیاں حاصل کرنے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کو رضامندی ظاہر کرنا ہوگی، ٹرافیاں بھارت کو اے سی سی صدر محسن نقوی ہی کے ذریعے حوالے کی جائیں گی۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا تھا کہ ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں ایک دن ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈکوارٹر ضرور پہنچیں گی،تاہم انہوں نے ٹرافیوں کی واپسی کے حوالے سے کوئی حتمی ٹائم لائن دینے سے گریز کیا تھا۔