بجلی کے بلوں سے پریشان گھریلو صارفین کیلئے اہم خبر سامنے آگئی، پاور ڈویژن نے نان پروٹیکٹڈ صارفین کو ریلیف دینے کیلئے موجودہ پروٹیکٹڈ فارمولے میں بڑی تبدیلی کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور ڈویژن نے پروٹیکٹڈ فارمولے پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا ہے ، تجویز کے مطابق جس ماہ صارف 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرے گا، اضافی نرخ بھی اسی ماہ وصول کیے جائیں گے، جبکہ آئندہ 5 ماہ تک اضافی ادائیگیاں نہیں کرنی پڑیں گی۔
200 یونٹ سے زیادہ استعمال پر اضافی ریٹ اسی ماہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے پر اضافی ریٹ اسی ماہ لینے کی تجویز ہے ، موجودہ فارمولے کے تحت پروٹیکڈ صارف کو 6 ماہ تک اضافی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔
موجودہ طریقہ کار کے تحت صرف ایک بار 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے پر پروٹیکڈ کیٹگری ختم کردی جاتی ہے۔ اس کے بعد پروٹیکڈ صارف کو اگلے 5 ماہ تک کم یونٹس استعمال کرنے کے باوجود اضافی نرخ ادا کرنے پڑتے ہیں۔
بٹ کوائن مائننگ کیلئے سستی بجلی کا معاملہ برقرار
دوسری جانب بٹ کوائن مائننگ کیلئے کم ریٹ پر بجلی کی فراہمی کا معاملہ تاحال حل نہیں ہوسکا ہے ، حکومت بٹ کوائن مائننگ کے معاملے پر آئی ایم ایف کو راضی نہیں کر سکی، جبکہ حالیہ مذاکرات میں یہ معاملہ ایک بار پھر آئی ایم ایف ٹیم کے سامنے رکھا جائے گا۔
پاور ڈویژن کی جانب سے پروٹیکٹڈ فارمولے میں ممکنہ تبدیلی سے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کو کئی ماہ تک اضافی نرخوں کی ادائیگی کے بوجھ سے ریلیف ملنے کی امید ہے۔ تاہم اس تجویز پر حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔