ایشین گیمز 2026 میں پاکستان نے پہلا میڈل حاصل کرلیا، کراچی سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر عاصم خان نے مردوں کے ماڈرن 60 کلوگرام مقابلے میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔
عاصم خان نے ایشین گیمز کے مکسڈ مارشل آرٹس کے سیمی فائنل میں تاجکستان کے مرزوبیک عمروف کا مقابلہ کیا، جہاں انہیں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ایشین گیمز کے قواعد کے تحت سیمی فائنل میں شکست کھانے والے دونوں کھلاڑیوں کو کانسی کے تمغے دیے جاتے ہیں، اس لیے عاصم خان پاکستان کے لیے برانز میڈل یقینی بنانے میں کامیاب رہے۔
یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ 2026 کے ایشین گیمز میں پہلی مرتبہ مکسڈ مارشل آرٹس کو شامل کیا گیا ہے اور عاصم خان ایشین گیمز میں پاکستان کے پہلے ایم ایم اے میڈلسٹ بن گئے ہیں۔
عاصم خان اس سے قبل کوارٹر فائنل میں کمبوڈیا کے سوپانھا فینگ کو 3-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچے تھے۔ کوارٹر فائنل میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان کا کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی ہوگیا تھا۔
پاکستانی ٹیم کے ساتھ بطور ٹیم لیڈر موجود دلاور خان نے عاصم خان کی کامیابی کو قومی ٹیم کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق ایشین گیمز میں پہلی بار شرکت کرتے ہوئے پاکستان نے ایم ایم اے میں میڈل حاصل کیا ہے، جو اس کھیل کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
دلاور خان کے مطابق ایشین گیمز میں پروفیشنل سطح کے فائٹرز کی شرکت نے مقابلے کو مزید مشکل بنایا تاہم پاکستانی کھلاڑی نے سخت مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
عاصم خان کا یہ ایشین گیمز میں پہلا تمغہ ہے وہ اس سے قبل بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کے لیے کامیابیاں حاصل کرچکے ہیں اور ایشین سلور اور ورلڈ برانز میڈل جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
ایشین گیمز میں پاکستان کی دیگر مقابلوں میں کارکردگی تاہم ملی جلی رہی۔ 50 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں پاکستان کے حمزہ آصف نے اپنی ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی، تاہم مجموعی نتائج میں ان کی پوزیشن 30ویں رہی۔
ٹرائی تھلون مکسڈ فائنل میں بھی پاکستانی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا پاکستانی کھلاڑیوں نے سوئمنگ، سائیکلنگ اور دوڑ کے مراحل میں حصہ لیا تاہم علی حسن مقررہ وقت میں مقابلہ مکمل نہ کرسکے جس کے باعث ٹیم کا نتیجہ این ڈی ایف قرار دیا گیا۔
پاکستانی کوچ عبدالغفار گجر نے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایتھلیٹس نے اپنی صلاحیت کے مطابق کوشش کی۔ انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی آئندہ ایونٹس میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
سافٹ ٹینس کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں بھی پاکستان کو سخت مقابلوں کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستانی جوڑی کو چائنیز تائپے، جنوبی کوریا اور فلپائن کے کھلاڑیوں کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
دوسری جانب ٹیبل ٹینس ویمنز ٹیم کے گروپ مقابلے میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستانی دستہ ایشین گیمز میں مختلف کھیلوں میں شریک ہے اور عاصم خان کا کانسی کا تمغہ اب تک قومی دستے کے لیے پہلی بڑی کامیابی ہے۔ ان کی کامیابی سے پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین کو دیگر کھیلوں میں بھی مزید تمغوں کی امید پیدا ہوئی ہے