سڑکوں اور سائیکل ٹریکس کو رات کے وقت روشن رکھنے کے لیے عام طور پر اسٹریٹ لائٹس اور بجلی کا استعمال کیا جاتا ہے، لیکن یورپ کے بعض ممالک میں اس کا ایک مختلف حل آزمایا گیا ہے۔
نیدرلینڈز اور پولینڈ سمیت بعض یورپی ممالک میں ایسی سڑکوں اور سائیکل ٹریکس کی مثالیں سامنے آئی ہیں جو رات کے وقت بغیر روایتی بجلی یا اسٹریٹ لائٹس کے خود روشن دکھائی دیتے ہیں۔
دن میں روشنی جذب، رات میں چمک
ان راستوں میں مخصوص فاسفورسنٹ مواد استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ مواد دن کے وقت سورج کی روشنی جذب کرتا ہے اور اندھیرا ہونے کے بعد اسے آہستہ آہستہ روشنی کی صورت میں خارج کرتا ہے۔ اسی عمل کی وجہ سے سڑک یا سائیکل ٹریک پر موجود مخصوص حصے رات کے وقت اندھیرے میں چمکتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
اس ٹیکنالوجی کا مقصد صرف سڑکوں کو منفرد بنانا نہیں بلکہ رات کے وقت سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستوں کو زیادہ نمایاں بنانا بھی ہے۔ روایتی اسٹریٹ لائٹس کے مقابلے میں ایسے نظام میں بجلی کے استعمال کو کم کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جس کے باعث یہ مستقبل کے ماحول دوست شہری انفراسٹرکچر کا حصہ بن سکتے ہیں۔
مستقبل کی سڑکیں کیسی ہوں گی؟
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی ٹیکنالوجی کم توانائی استعمال کرنے والے شہری انفراسٹرکچر کی تیاری میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اگر اس ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر مؤثر انداز میں استعمال کیا گیا تو مستقبل میں شہری علاقوں میں ایسی سڑکیں اور سائیکل ٹریکس دیکھنے کو مل سکتے ہیں جو دن کی روشنی کو رات کے سفر کے لیے استعمال کریں گے۔