پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ساڑھے 6 کروڑ یورو کے مالی معاہدوں پر دستخط ہوگئے، جن کے تحت پاکستان میں 3 اہم ترقیاتی پروگرام شروع کیے جائیں گے، معاہدوں کا مقصد سرمایہ کاری کے فروغ، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانا ہے۔
معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے دستخط کیے،وزارت اقتصادی امور کے مطابق یورپی یونین کی مالی معاونت سے پاکستان میں توانائی، ماحولیاتی استحکام، سرمایہ کاری اور انصاف تک رسائی سمیت مختلف شعبوں میں اقدامات آگے بڑھائے جائیں گے۔
غیرملکی سرمایہ کاری کا فروغ
معاہدوں کے تحت گلوبل گیٹ وے پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا، جبکہ سرمایہ کاری کے لیے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی،پروگرام کے تحت ٹیکس نظام اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے، جس سے ملکی معاشی نظام میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
خیبرپختونخوا میں قابلِ تجدید توانائی
ترقیاتی پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں میں قابلِ تجدید توانائی کو فروغ دیا جائے گا،اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے توانائی شعبے میں نجی سرمایہ کاری اور شراکت داری بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوسکیں۔
انصاف تک رسائی بہتر بنانے کا منصوبہ
معاہدوں کے تحت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے،پنجاب اور سندھ میں متبادل تنازعات کے حل اور تجارتی تنازعات نمٹانے کے نظام کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔ اس سے کاروباری معاملات میں تنازعات کے حل کے لیے مؤثر طریقہ کار کو فروغ ملے گا۔
غیرملکی کمپنیوں کی دلچسپی بڑھے گی
پروگرام کے ذریعے یورپی اور دیگر غیرملکی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی بڑھانے کی کوشش کی جائے گی، اس مقصد کے لیے کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری سے متعلق سہولتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
اقتصادی امور سیکرٹری کا بیان
سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہیں،انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے دیہی علاقوں میں بجلی کی رسائی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ تجارتی تنازعات کے حل میں بھی بہتری آئے گی۔
اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے کہا کہ معاہدے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری میں معاونت کے یورپی یونین کے عزم کا اظہار ہیں۔