چین نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی اور اسٹریٹیجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی حالات جیسے بھی ہوں، پاک چین تعلقات مستحکم رہیں گے۔
کراچی میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چینی قونصل جنرل فینگ دیہنگ نے پاک چین تعلقات کو باہمی اعتماد، تعاون اور بھائی چارے پر مبنی قرار دیا۔
پاکستان اور چین اچھے ہمسائے اور بھائی ہیں
قائم مقام چینی قونصل جنرل فینگ دیہنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان ایسے اچھے ہمسائے ہیں جو پہاڑوں اور دریاؤں سے جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اچھے دوست ہیں جو اعتماد کے رشتے کے ساتھ باہمی معاونت کررہے ہیں۔
فینگ دیہنگ کے مطابق پاکستان اور چین ایسے بھائی ہیں جو دکھ سکھ کے ساتھی ہیں اور ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کا سیاسی اور سکیورٹی تعاون موجود ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ اشتراک کررہے ہیں۔
دنیا میں کچھ بھی ہو، تعلقات مضبوط رہیں گے
چینی قونصل جنرل نے واضح کیا کہ عالمی حالات میں چاہے کتنی ہی تبدیلیاں کیوں نہ آئیں، چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والی مشترکہ مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہے۔
فینگ دیہنگ کے مطابق چین پاکستان کے درمیان کمیونٹی کی سطح پر رابطوں کو بھی مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منظرنامے میں موجود بے یقینیوں کا جواب چین پاکستان تعلقات کی یقینی اور مضبوطی سے دیا جاسکتا ہے۔
سی پیک ٹو پر کام تیز کرنے کا اعلان
پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے فینگ دیہنگ نے کہا کہ اپ گریڈڈ سی پیک ٹو کی تعمیر کے عمل میں تیزی لائی جارہی ہے۔
انہوں نے صنعت، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ تعلیم، ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تبادلوں کو بھی وسیع کیا جانا چاہیے۔
ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو فروغ دینا عوام کے لیے عملی فوائد کا باعث بن سکتا ہے۔
سندھ میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک نے رابطوں، توانائی، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں توانائی، بندرگاہوں، صنعت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔