نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری 18سال کے نوجوان بھی اب قرض لے سکیں گے

نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری 18سال کے نوجوان بھی اب قرض لے سکیں گے

وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کے لیے قرض کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی ہے، جبکہ قرض حاصل کرنے کے لیے کم از کم عمر بھی 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور اسکیموں پر عمل درآمد سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت انفرادی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی ہے۔ یہ قرضے آسان اقساط میں واپس کیے جاسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:نویں جماعت کے طلبہ کے لیے خوشخبری، وزیراعظم کروم بُک اسکیم کی میرٹ لسٹ جاری

حکومت نے ان اسکیموں کے تحت خواتین کی معاشی شمولیت بڑھانے کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مجموعی قرضوں کا 30 فیصد خواتین کے لیے مختص کیا جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے قابل ہوسکیں۔

اس کے علاوہ قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جس کے بعد نوجوان کم عمری میں ہی کاروبار اور زراعت کے شعبے میں قدم رکھ سکیں گے۔

نوجوانوں کے لیے 292 ارب روپے مختص

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال 2026 اور 2027 کے دوران نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول ریلیف اسکیم میں رجسٹرڈ افراد کے لیے بڑی خوشخبری

بریفنگ کے مطابق جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 313 ارب 90 کروڑ روپے ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برس کے مقابلے میں قرض حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد 10 گنا زیادہ ہے۔

حکومتی تخمینے کے مطابق مالی سال 2026 اور 2027 کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو قرض فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کاروبار شروع کرنے میں بھی مدد ملے گی

وزیراعظم نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (SMEDA) کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے مالی معاونت کے ساتھ رہنمائی، تکنیکی مشاورت اور کاروباری منصوبہ بندی میں بھی مدد فراہم کی جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ملک بھر میں آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی کی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان قرض اسکیم اور اس کے تحت دستیاب سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور معاون خصوصی طلحہ برکی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

editor

Related Articles