5 ماہ کی مشق رنگ لے آئی، امریکی شہری نے کپ پلٹنے کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

5 ماہ کی مشق رنگ لے آئی، امریکی شہری نے کپ پلٹنے کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

امریکی ریاست آئیڈاہو کے شہری ڈیوڈ رش کے منفرد کارنامے سے سب کو حیران کردیا پانچ ماہ تک مسلسل مشق کے بعد پلاسٹک کے 10 کپ صرف 6.63 سیکنڈز میں پلٹ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ رش نے 10 پلاسٹک کپ اس انداز میں پلٹائے کہ ہر کپ الٹا ہونے کے بعد دوبارہ صحیح پوزیشن میں آ کر گرا ، اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے اپنا ہی سابقہ 7.57 سیکنڈز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ کامیابی بظاہر آسان دکھائی دیتی ہے، تاہم ڈیوڈ رش کے لیے اس مقام تک پہنچنا کئی ماہ کی محنت کا نتیجہ تھا۔

ریکارڈ توڑنے کا خیال کیسے آیا؟

ڈیوڈ رش کے پاس پہلے ہی 200 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز موجود ہیں ،  ان کے مطابق کم وقت میں 10 کپ پلٹنے کا ریکارڈ توڑنے کا خیال انہیں اپنے ساتھی الیکس کے ساتھ ایک چیلنج کے دوران آیا۔

انہوں نے اسی وقت ریکارڈ کے لیے درخواست جمع کرا دی،  شروع میں انہیں امید تھی کہ چند ہفتوں کی مشق کے بعد وہ یہ کارنامہ انجام دے دیں گے، لیکن عملی طور پر یہ کام توقع سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوا۔

10 کپ مسلسل اس طرح پلٹانا کہ ہر کپ درست پوزیشن میں گرے، خاصی مہارت اور مستقل مزاجی کا تقاضا کرتا تھا۔

کئی ہفتوں کی مشق کے بعد ڈیوڈ رش کی مہارت میں واضح بہتری آئی اور ان کے پلٹائے گئے تقریباً 50 فیصد کپ درست انداز میں گرنے لگے تاہم 10 کپ مسلسل کامیابی سے پلٹانے کے لیے یہ شرح کافی نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں : گاڑی کی نمبرپلیٹ نے امریکی شہری کو کروڑپتی بنا ڈالا

رش کا کہنا تھا اگر ہر کپ کے درست انداز میں گرنے کا امکان 50 فیصد ہو تو 10 کپ مسلسل درست گرنے کی کامیاب کوشش اوسطاً ہر ایک ہزار کوششوں میں صرف ایک مرتبہ متوقع ہوتی ہے۔

اسی مشکل نے انہیں طویل عرصے تک مشق جاری رکھنے پر مجبور کیا۔ بالآخر پانچ ماہ کی مسلسل محنت کے بعد ڈیوڈ رش نے مطلوبہ کارنامہ انجام دے دیا اور کپ پلٹنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

editor

Related Articles