الو ارجن کی نئی فلم کا بڑا کارنامہ، راکا نے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا

الو ارجن کی نئی فلم کا بڑا کارنامہ، راکا نے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا

بھارتی تامل فلموں کے معروف اداکار الو ارجن اور ہدایت کار ایٹلی کی آنے والی فلم ’راکا‘ نے ریلیز سے قبل ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میں ایک ہی وقت میں 37 اداکاروں کی موشن کیپچرنگ ریکارڈ کرکے ریئل ٹائم میں سب سے زیادہ افراد کی موشن کیپچرنگ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ فلم کے پروڈکشن ہاؤس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس کامیابی کا اعلان کیا۔ شیئر کی گئی تصویر میں الو ارجن اور ہدایت کار ایٹلی گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ تھامے نظر آئے۔

یہ بھی پڑھیں:وزن اور خوبصورتی پر تنقید کے درمیان کترینہ کیف کا اہم بیان سامنے آگیا

پروڈکشن ہاؤس نے اپنے پیغام میں اسے بھارتی سنیما کے لیے عالمی سطح کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی بھارتی فلم انڈسٹری کو دنیا کے بڑے اسٹیج تک لے جانے میں اہم قدم ہے۔ ’راکا‘ پہلے ہی اپنے منفرد ویژولز اور بڑے پیمانے پر تیار کیے جانے والے مناظر کی وجہ سے خبروں میں ہے۔

چند روز قبل فلم سے وابستہ اداکار سیبی چکرورتی نے الو ارجن اور دیپیکا پڈوکون کے ساتھ ایٹلی کی اس فلم کے ویژولز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے فلم کی جھلکیاں دیکھی ہیں اور ان کے خیال میں یہ ویژولز انتہائی غیر معمولی ہیں۔

فلم کا پہلا لُک بھی 8 اپریل کو الو ارجن کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا تھا۔ اس میں اداکار کو گنجے سر، آنکھوں میں کاجل اور جانوروں کے پنجوں جیسے لباس کے ساتھ کیمرے کی جانب دیکھتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔فلم ’راکا‘ کی ریلیز سے قبل گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کی خبر نے فلم کے حوالے سے مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔

editor

Related Articles