سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے چیئرمین محمود خان نے پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کو احتجاج کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی مقدمات میں صرف تاریخیں بدلتی رہیں گی، اس لیے مذاکرات ہی کا راستہ اپنانا چاہیے۔
ایک انٹرویو میں محمود خان نےکہا کہ پاکستان تحریک انصاف اب کوئی وجود نہیں رکھتی اور موجودہ قیادت کو زمینی حقائق کو سمجھتے ہوئے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنی چاہیے۔
انہوں نے تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ احتجاجی مظاہروں کے ذریعے عمران خان کی رہائی ممکن نہیں،محمود خان کے مطابق اگر تحریک انصاف لوگوں کو اکٹھا کرکے حالات خراب کرے گی تو اس کا نقصان بھی پارٹی ہی کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی مقدمات میں مسلسل تاریخیں پڑتی رہیں گی، اس لیے تحریک انصاف کی قیادت کو ہر صورت مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
سابق وزیراعلیٰ نے اکتوبر 2025 میں علی امین گنڈاپور کو ہٹائے جانے کے بعد وزیراعلیٰ کے انتخاب سے متعلق بھی گفتگو کی انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان کے سامنے وزیراعلیٰ کے لیے تین نام پیش کیے گئے تھے، ان میں سے دو ناموں سے عمران خان ذاتی طور پر واقف تھے اور انہوں نے دونوں ناموں کو پہلی فرصت میں مسترد کردیا۔
عمران خان سہیل آفریدی کو ذاتی طور پر نہیں جانتے تھے، تاہم انہیں توقع تھی کہ یہ قبائلی نوجوان کچھ کر دکھائے گا، جس کے بعد سہیل آفریدی کے نام کا انتخاب کیا گیا۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ ان کے علم کے مطابق سہیل آفریدی کو حکومتی امور چلانے کا کوئی تجربہ نہیں تھا اور ان پر بہت زیادہ دباؤ تھا، جس کے باعث انہیں متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے سنا ہے کہ سہیل آفریدی ان کے بھائی اور ان کے دستِ راست نے وزیراعلیٰ ہاؤس کو کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے علی امین گنڈاپور کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا،محمود خان کے مطابق علی امین گنڈاپور نے 19 ماہ کے اقتدار کے دوران کچھ بھی ڈیلیور نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ بنانے کا بنیادی مقصد عمران خان کی رہائی تھالیکن وہ ایسا کرنے میں نام رہے اور عوامی طور پر بھی کچھ ڈیلیور نہ کرسکے ۔