پشاور اسلام آباد موٹروے ایم ون کو کل بدھ کی شام سے تاحکم ثانی ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک کل بدھ کی شام سے ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول اور سنگجانی انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند کر دیئے جائیں گے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ اور داؤد خیل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: الاحساء میں ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 9 جاں بحق
ترجمان کے مطابق کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس کے مطابق کل شام سے جی ٹی روڈ این 5 کو اٹک خورد کے مقام پر بھی ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔ تاہم اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر اضلاع سے شہریوں کو ایم ون موٹروے پر سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
