واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لئے اہم فیچر متعارف کروا دیا

واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لئے اہم فیچر متعارف کروا دیا

میٹا کے مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت صارفین واٹس ایپ کے اندر ہی تھرڈ پارٹی ایجنٹس سے براہ راست رابطہ اور چیٹ کرسکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کی تازہ اپ ڈیٹ میں متعارف کرایا جانے والا یہ فیچر صارفین کو تھرڈ پارٹی سروسز سے منسلک ایجنٹس کو اپنی واٹس ایپ چیٹ لسٹ میں شامل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ فی الحال یہ فیچر محدود پیمانے پر دستیاب ہے اور تمام صارفین کو فوری طور پر نہیں مل رہا۔

نئے فیچر کے تحت آئی فون صارفین واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جاکر زیادہ سے زیادہ 5 ایجنٹس بنا سکتے ہیں۔ ہر ایجنٹ کو الگ شناخت دینے کے لیے صارف اس کا نام اور پروفائل فوٹو بھی مقرر کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے چیٹ کو مزید خوبصورت بنا دیا، نئے تھیمز اور وال پیپرز متعارف

ایجنٹ کی بنیادی تفصیلات مکمل کرنے کے بعد واٹس ایپ ایک API کی فراہم کرتا ہے۔ اس کی کو متعلقہ تھرڈ پارٹی سروس میں شامل کیا جاسکتا ہے جہاں ایجنٹ موجود ہو۔ API کی کے ذریعے ایجنٹ کو واٹس ایپ چیٹ سے منسلک کیا جاسکتا ہے۔ کنکشن مکمل ہونے کے بعد ایجنٹ واٹس ایپ پر موصول ہونے والے پیغامات کا جواب دے سکتا ہے۔

اس طرح صارفین کو متعلقہ تھرڈ پارٹی سروس کے الگ پلیٹ فارم پر جانے کے بجائے واٹس ایپ کے اندر ہی ایجنٹ کے ساتھ گفتگو کرنے کی سہولت حاصل ہوجاتی ہے۔ منسلک ہونے کے بعد ایجنٹ عام رابطوں کی طرح واٹس ایپ کی چیٹ لسٹ میں نظر آتا ہے، جس کے بعد صارف اس کے ساتھ عام گفتگو کی طرح پیغامات کا تبادلہ کرسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ بیٹا فار iOS کے ورژن 26.37.10.70 کے ذریعے چند ممالک میں محدود تعداد میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ تازہ ورژن استعمال کرنے والے تمام آئی فون صارفین کو بھی یہ فیچر فوری طور پر دستیاب ہونا ضروری نہیں، کیونکہ فی الحال اس کی آزمائش محدود صارفین کے ساتھ کی جارہی ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق تھرڈ پارٹی ایجنٹ کو صرف اسی ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی جو صارف نے چیٹ کے دوران واضح طور پر شیئر کیا ہو۔ میسجنگ پلیٹ فارم نے ایجنٹس کو صارف کی دیگر واٹس ایپ چیٹس، کانٹیکٹس یا ڈیوائس میں محفوظ میڈیا تک رسائی سے روک دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے پرانی چیٹس کیلئے نیا شارٹ کٹ تیار کرلیا

اس طریقہ کار کا مقصد تھرڈ پارٹی ایجنٹ کو صرف اس گفتگو تک محدود رکھنا ہے جس میں صارف خود اسے معلومات فراہم کرتا ہے۔ نئے فیچر کے حوالے سے واٹس ایپ نے پرائیویسی کے ایک اہم پہلو کی بھی وضاحت کی ہے۔ تھرڈ پارٹی ایجنٹس کے ساتھ ہونے والی چیٹس عام واٹس ایپ چیٹس کی طرح اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ نہیں ہوں گی۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ ان چیٹس کے پیغامات ایجنٹ ڈویلپر کی جانب سے ایک محفوظ میٹا سروس کے ذریعے روٹ کیے جاتے ہیں۔ یوں اس نوعیت کی گفتگو کا تکنیکی طریقہ کار عام صارف سے صارف واٹس ایپ چیٹ سے مختلف ہوگا۔ نیا فیچر واٹس ایپ کے اندر تھرڈ پارٹی ایجنٹس سے براہ راست رابطے کی سہولت فراہم کرتا ہے، تاہم صارفین کے لیے یہ سمجھنا اہم ہوگا کہ اس نوعیت کی چیٹس عام ذاتی واٹس ایپ گفتگو سے مختلف پرائیویسی ماڈل کے تحت کام کرتی ہیں۔

واٹس ایپ کے مطابق ایجنٹ کو صارف کی دیگر چیٹس، کانٹیکٹس اور ڈیوائس میں موجود میڈیا تک رسائی نہیں دی جاتی، جبکہ ایجنٹ صرف وہی معلومات دیکھ سکتا ہے جو صارف متعلقہ چیٹ میں شیئر کرتا ہے۔ فی الحال یہ فیچر محدود بیٹا ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے اور چند ممالک میں منتخب آئی فون صارفین اسے استعمال کرسکتے ہیں۔ مزید صارفین کے لیے اس کی دستیابی سے متعلق حتمی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

Related Articles