مکہ دفاعی معاہدے پر اعتراضات،ترک وزیر خارجہ نے تنقید کرنے والوں کو آئینہ دکھا دیا

مکہ دفاعی معاہدے پر اعتراضات،ترک وزیر خارجہ نے تنقید کرنے والوں کو آئینہ دکھا دیا

 ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے ناقدین کو آئنہ دکھا دیا ۔

معاہدہ خطے کے استحکام کی ضمانت 

نیویارک میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے معاہدے پر فوری نتائج کے حوالے سے کی جانے والی تنقید پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کسی نئے دفاعی اتحاد سے طویل عرصے سے جاری پیچیدہ تنازعات فوری طور پر ختم ہونے کی توقع رکھنا مناسب نہیں۔

نیٹو کی مثال دے دی

حاقان فیدان نے دفاعی اتحاد پر تنقید کرنے والوں کے سامنے نیٹو کی مثال بھی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران نیٹو چارٹر میں اجتماعی دفاع سے متعلق آرٹیکل 5 کا استعمال کتنی مرتبہ ہوا ہے؟

 یہ بھی پڑھیں :مکہ معاہدہ ہمارے اوپرلاگوہوتا ہے اور ہم اپنا فرض ادا کریں گے،خواجہ آصف

انہوں نے کہا کہ نیٹو کی طویل تاریخ میں آرٹیکل 5 صرف ایک مرتبہ نافذ ہوا، تاہم اس بنیاد پر کوئی نیٹو اتحاد کو ’کاغذی شیر‘ قرار نہیں دیتا۔

ترک وزیر خارجہ کے مطابق کسی دفاعی اتحاد کی اہمیت کا تعین صرف اس بنیاد پر نہیں کیا جاسکتا کہ اس کے قیام کے فوراً بعد اسے کسی بڑے بحران میں عملی طور پر استعمال کیا گیا یا نہیں۔

یمن کے بحران کا بھی ذکر

حاقان فیدان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق توقعات پر گفتگو کرتے ہوئے یمن کے بحران کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں تقریباً ایک دہائی سے جاری بحران کو نئے دفاعی اتحاد کے ذریعے فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ مناسب نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ طویل عرصے سے جاری علاقائی تنازعات کئی پیچیدہ عوامل سے جڑے ہوتے ہیں۔ ایسے مسائل کے حل کے لیے وقت، سفارتی کوششوں اور متعلقہ فریقوں کے درمیان مؤثر اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔

دفاعی تعاون پر توجہ

ترک وزیر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو خطے میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ ان کے مطابق نئے دفاعی تعاون کو فوری نتائج کے بجائے اس کے طویل مدتی مقاصد اور علاقائی استحکام کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

 یہ بھی پڑھیں :مکہ دفاعی معاہدہ : ہمارا اتحاد کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں ہے، ترک وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس

حاقان فیدان نے اپنے مؤقف کے ذریعے دفاعی اتحاد کے بارے میں فوری اور حتمی نتائج اخذ کرنے کے بجائے اس کے کردار اور مستقبل کی سمت کو دیکھنے پر زور دیا۔

editor

Related Articles