نئے آئی فون 18 پروکے کیمرے سے متعلق بعض صارفین نے غیر معمولی مسئلے کی شکایات کی ہیں۔ صارفین کے مطابق کچھ تصاویر اور ویڈیوز میں سبز دھبے اور غیر معمولی روشنی کے عکس نظر آ رہے ہیں۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مسئلہ خاص طور پر تاریک ماحول یا گرم روشنی میں سامنے آسکتا ہے۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ 2x زوم یا اس سے زیادہ زوم استعمال کرنے پر یہ مسئلہ زیادہ محسوس ہوتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ صارفین کے مطابق تصویر کھینچتے وقت کیمرے کے پری ویو میں یہ خرابی نظر نہیں آتی، لیکن تصویر محفوظ ہونے کے بعد سبز دھبے یا غیر معمولی روشنی دکھائی دیتی ہے۔
آئی فون 18 پرو کے مرکزی کیمرے میں پہلی بار کیمرے کے لینز کا بدلنے والا سوراخ، جو روشنی کی مقدار کو کنٹرول کرتا ہے متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے کیمرہ f/1.48، f/1.8، f/2.8 اور f/4.0 کے درمیان اپرچر تبدیل کرسکتا ہے۔ ایپل کے مطابق f/1.48 سیٹنگ کیمرے میں زیادہ روشنی داخل ہونے دیتی ہے، جبکہ f/1.8 ڈیفالٹ سیٹنگ ہے جو کم روشنی میں بہتر کارکردگی اور گہرائی کے درمیان توازن فراہم کرتی ہے۔
ایک میڈیا ٹیسٹ کے دوران بھی سب سے وسیع f/1.48 اپرچر پر لینز فلیئر نمایاں دیکھا گیا۔ خاص طور پر جب تیز روشنی سائیڈ سے کیمرے میں داخل ہوئی تو تصاویر میں غیر ضروری روشنی کے بڑے حصے نظر آئے۔ اپرچر کو f/4 تک بند کرنے پر یہ اثر کافی کم ہوگیا۔
تاہم اس ٹیسٹ سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ صارفین کی جانب سے رپورٹ کیے جانے والے سبز دھبوں کی وجہ بھی کیمرے کے لینز کا بدلنے والا سوراخ، جو روشنی کی مقدار کو کنٹرول کرتا ہے جسے’Variable Aperture ‘کہا جاتا ہے ، ہی ہے۔ ماہرین کے مطابق لینز فلیئر کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں اور اصل وجہ جاننے کے لیے مزید ٹیسٹنگ ضروری ہے۔
ایپل نے مسئلے کی تصدیق نہیں کی
چینی میڈیا کے مطابق ایپل سپورٹ سے اس معاملے پر رابطہ کیا گیا، تاہم کمپنی نے بتایا کہ اس وقت اسے صارفین کی جانب سے اس مسئلے کی رپورٹس موصول نہیں ہوئی تھیں۔ ایپل نے تاحال اس مسئلے کے لیے کسی مرمتی پروگرام یا خصوصی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کا اعلان نہیں کیا۔
فی الحال یہ کہنا بھی قبل از وقت ہوگا کہ یہ آئی فون 18 پروکا عمومی ہارڈ ویئر مسئلہ ہے۔ مختلف حالات میں لینز فلیئر اسمارٹ فون کیمروں میں عام طور پر دیکھا جا سکتا ہے، خاص طور پر رات کے وقت تیز روشنی کے ذرائع کے سامنے۔ مزید ٹیسٹنگ اور ایپل کی جانب سے باضابطہ وضاحت کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ آئی فون 18 پرومیں رپورٹ کیے گئے سبز دھبوں کی اصل وجہ کیا ہے۔