سندھ کے شہر حیدرآباد میں خواتین کی سکیورٹی اور عوامی مقامات پر نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے خواتین پولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی نِسا اسکواڈ تشکیل دے دیا گیا۔
ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کے مطابق نِسا اسکواڈ میں 50 خواتین پولیس اہلکار شامل ہیں، جو موٹرسائیکلوں پر مختلف علاقوں میں گشت کریں گی۔
نِسا اسکواڈ میں شامل خواتین پولیس اہلکاروں نے آٹو بھان روڈ کے مختلف مقامات پر موٹرسائیکلوں پر گشت بھی کیا،ایس ایس پی کے مطابق اسکواڈ آٹو بھان روڈ سمیت مختلف عوامی مقامات پر گشت اور چیکنگ کرے گا۔
شاہزیب چاچڑ کا کہنا ہے کہ نِسا اسکواڈ کے ذریعے بازاروں، شاپنگ ایریاز، پارکس اور دیگر عوامی مقامات پر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا،خواتین پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹیم کے گشت سے عوامی مقامات پر نگرانی کا نظام مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔