لاہور میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دوران ہیوی ٹریفک پر مکمل پابندی عائد

لاہور میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دوران ہیوی ٹریفک پر مکمل پابندی عائد

پنجاب حکومت نے لاہور میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دوران ہر قسم کی ہیوی ٹریفک پر مکمل پابندی عائد کر دی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے تحت آج، کل اور اتوار کو کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک، لوڈر ٹریکٹر ٹرالی یا دیگر بھاری گاڑیوں کو لاہور میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پابندی کو مؤثر بنانے کے لیے شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں پر ڈی ایس پیز کی نگرانی میں پولیس نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ تمام ہیوی ٹریفک کی روک تھام کی جا سکے۔

اس کے علاوہ خستہ حال دھواں چھوڑنے والی اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو بھی داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم پٹرول، ادویات، خوردونوش کی فراہمی اور مسافر گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے اور ان کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ پابندی کے نفاذ کو 100 فیصد یقینی بنانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے بھی اقدامات اٹھائے ہیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ہیوی کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے نتیجے میں روزانہ لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور سینکڑوں گاڑیاں ضبط کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ شہر میں 41 انسدادِ سموگ اسکواڈز بھی تشکیل دیے گئے ہیں اور ان کی کارروائیاں جاری ہیں۔

رواں سال اب تک 62 ہزار ہیوی ٹریفک، 13 ہزار ٹریکٹر ٹرالیوں اور 16 ہزار کاروں اور موٹر سائیکلز کے خلاف جرمانے کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان عمارہ اطہر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سموگ کی تدارک اور صحت مند ہوا کے لیے کی جانے والی کوششوں میں تمام ٹرانسپورٹرز کو حکومتی احکامات کی پاسداری کرنی چاہیے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

editor

Related Articles